NationalPosted at: May 18 2024 5:43PM مالیوال کیس میں بیبھو زیر حراست

نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) دہلی پولیس نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ذاتی معاون (پی اے ) بیبھو کمار کو آج حراست میں لے لیا ۔ بیبھو پر وزیراعلی کے گھر میں راجیہ سبھا کی رکن سواتی مالیوال کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ کرنے اور بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔
بیبھو نے گرفتاری سے قبل دہلی پولیس کو ایک میل بھیجا تھا۔ اس نے میل میں کہا تھا کہ وہ پہلے ہی تحقیقات میں تعاون کر رہا ، جب کہ اسے پولیس کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔
بیبھو نے میل میں لکھا ہے ' میڈیا کے ذریعے اسے معلوم ہوا ہے کہ سول لائنز پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں اسے ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ لیکن ابھی تک اسے کوئی نوٹس موصول نہیں ملا ہے۔
تاہم، اس نے یہ وضاحت کی کہ وہ تحقیقات میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے اور جب بھی اسے اس کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے بلایا جائے گا، وہ تفتیش میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے ۔
اس میل میںبیبھو نے محترمہ مالیوال کے خلاف ان کی طرف سے کی گئی شکایت کا بھی ذکر کیا ہے۔اس نے میل میں لکھا "یہ درخواست ہے کہ شکایت کو ریکارڈ پر رکھا جائے اور قانون کے مطابق تحقیقات کی جائے۔"
قابل ذکر ہے کہ محترمہ مالیوال نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ وہ 13 مئی کو مسٹر کیجریوال کی سرکاری رہائش گاہ پر ان سے ملنے گئی تھیں۔ وہاں ان کے پرسنل سکریٹری بیبھو نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی، ان کے چہرے، سینے اور جسم کے نچلے حصے پر مارا۔ ان کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے اور پولیس نے مجسٹریٹ کے سامنے ان کا بیان بھی ریکارڈ کرایا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بیبھو کی تلاش کی جا رہی ہے اور پھر اسے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس اسے سول لائنز تھانے لے گئی ہے۔ آپ کے کچھ کارکن بھی پولیس اسٹیشن میں جمع ہوئے تھے، لیکن پولیس نے انہیں بیبھو کے ساتھ جانے کی اجازت نہیں دی۔
یو این آئی ۔ ع خ