NationalPosted at: Feb 13 2025 10:32PM اگر 20 مہینے پہلے صدر راج نافذ کردیا جاتا تو منی پور کو اتنا نقصان نہ ہوتا: کانگریس

نئی دہلی، 13 فروری (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے منی پور میں 20 ماہ قبل صدر راج نافذ کیا ہوتا تو تشدد میں عام شہری نہ مارے جاتے اور ہزاروں لوگ بے گھر نہ ہوتے پارٹی نے کہا ہے کہ آخر کاروہی ہوا جس کا مطالبہ کانگریس پچھلے 20 مہینوں سے کررہی تھی، اب منی پور میں صدر راج نافذ کر دیا گیا ہے کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے منی پور میں صدر راج کے نفاذ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، "یہ تب ہوا جب سپریم کورٹ نے ریاست میں 'آئینی نظام کے مکمل طور پر ٹھپ ہونے' کی بات کہی، جس کے نتیجے میں 3 مئی 2023 سے اب تک 300 سے زائد افراد کا قتل ہو چکا ہے اور 60,000 سے زیادہ سے زیادہ مرد، خواتین اور بچے بے گھر ہو چکے ہیں۔ یہ اس وقت ہوا ہے جب منی پور کے سماجی تانے بانے کو شدید نقصان پہنچنے دیا گیا۔ یہ اس وقت ہوا ہے جب فروری 2022 میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو بھاری اکثریت ملی تھی لیکن ان کی سیاست نے محض پندرہ مہینوں میں اس خوفناک المیے کو جنم دیا۔
انہوں نے کہا، "یہ تب ہوا جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ منی پور کی صورتحال سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام رہے، حالانکہ وزیر اعظم نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی تھی۔ اور یہ تب ہوا جب دنیا بھر میں گھومنے والے وزیر اعظم نے منی پور جانے اور وہاں مفاہمتی عمل شروع کرنے سے مسلسل انکار کیا۔"
یواین آئی۔ م س