NationalPosted at: May 13 2026 10:51PM امول اور مدر ڈیری نے دودھ کی قیمتوں میں کیا اضافہ

نئی دہلی، 13 مئی (یو این آئی) امول اور مدر ڈیری نے جمعرات سے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے مدر ڈیری کے ایک ترجمان نے بدھ کو میڈیا کے لیے جاری کردہ بیان میں کہا کہ 14 مئی سے دودھ کے تمام ویرینٹ کی خوردہ قیمتوں میں دو روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں کسانوں سے دودھ خریدنے کی لاگت میں چھ فی صد اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے دودھ کے دام بڑھانا ضروری ہو گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھی ہوئی لاگت کا صرف ایک جزوی بوجھ صارفین پر ڈالا گیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ دودھ کی فروخت سے حاصل ہونے والی کل آمدنی کا 75 سے 80 فیصد حصہ براہِ راست کسانوں کو ملتا ہے۔
مدر ڈیری کا ٹوکن دودھ اب 56 روپے کے بجائے 58 روپے فی لیٹر ملے گا۔ فل کریم دودھ کی قیمت اب 72 روپے، ٹونڈ دودھ کی 60 روپے اور ڈبل ٹونڈ دودھ کی 54 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ مدر ڈیری کا ایک لیٹر کاؤ ملک اب 62 روپے اور پرو ملک 72 روپے کا ملے گا۔ تمام اقسام میں دو دو روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
امول نے بھی ملک بھر میں زیادہ تر کیٹیگریز میں دو روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس نے بھی اس اضافے کے لیے کسانوں سے خریداری کی بڑھی ہوئی لاگت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔