NationalPosted at: Oct 11 2025 9:03PM امیر خان متقی کی پریس کانفرنس میں وزارتِ خارجہ کی کوئی شمولیت نہیں تھی: وزارتِ خارجہ
نئی دہلی، 11 اکتوبر (یو این آئی) وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کے وزیرِ خارجہ کی جانب سے جمعہ کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں ہندوستانی وزارتِ خارجہ کا کوئی کردار نہیں تھا وزارتِ خارجہ کی یہ وضاحت اُس وقت سامنے آئی جب پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کے داخلے پر پابندی کے باعث تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ وزارت نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان کے وزیرِ خارجہ کی جانب سے کل دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں وزارتِ خارجہ کی کوئی شمولیت نہیں تھی۔
قابلِ ذکر ہے کہ افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی ایک ہفتے کے ہندوستانی دورے پر ہیں۔ انہوں نے جمعہ کے روز وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کے بعد افغانستان کے سفارت خانے میں کچھ چنیدہ صحافیوں سے گفتگو کی تھی۔ اس پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد تھی۔
خواتین صحافیوں نے اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر سخت احتجاج کیا اور وزارتِ خارجہ سے اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔
یو این آئی ۔ م ع۔ایس وائی۔