NationalPosted at: Mar 22 2025 2:27PM وجیندر گپتا نے 2025-26 کے لیے 14 اراکین اسمبلی کو ایم سی ڈی کے لیے نامزد کیا

نئی دہلی، 22 مارچ (یو این آئی) دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے لئے 14 اراکین اسمبلی کو نامزد کیا ہے۔ یہ ایم ایل اے ایم سی ڈی میں نیشنل کیپیٹل ریجن کی نمائندگی کریں گے۔
ایم سی ڈی کے لئے نامزد اراکین اسمبلی کے نام جاری کرتے ہوئے اسمبلی آفس نے کہا کہ ان ایم ایل ایز کو مالی سال 2025-26 کے لیے ایم سی ڈی میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ نامزدگی میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1957 کی دفعہ 3(3)(B)(ii) کے تحت کی گئی ہے۔
مسٹر گپتا نے اس موقع پر کہا کہ نامزد ایم ایل اے کا رول بجٹ بنانے، شہری انتظامیہ اور شہری نظم و نسق میں ایم سی ڈی کی مدد کرنا ہوگا۔ یہ ایم ایل اے صفائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور دیگر میونسپل کارپوریشنوں سے متعلق چیلنجوں کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، تاکہ دہلی والوں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
نامزد کردہ ایم ایل اے کی فہرست میں مسٹر انل کمار شرما (آر کے پورم)، چندن کمار چودھری (سنگم وہار)، جتیندر مہاجن (روہتاس نگر)، کرنیل سنگھ بستی (شکور بستی)، منوج کمار شوقین (نانگلوئی جاٹ)، پردیومن سنگھ راجپوت (دوارکا)، پرویش رتن پٹیل ( پٹیل نگر ) راجکمار بھاٹیہ (آدرش نگر ) ، رام سنگھ نیتا جی (بدر پور)، روی کانت ترلوک پوری (ترلوک پوری)، سنجے گوئل (شاہدرہ)، سریندر کمار (گوکلپور)، ترویندر سنگھ مارواہ (جنگپورہ) اور مسز نیلم پہلوان (نجف گڑھ) شامل ہیں۔
دہلی اسمبلی اسپیکر نے کہا کہ یہ ایم ایل اے دہلی اسمبلی اور ایم سی ڈی کے درمیان تال میل قائم کرکے پالیسی سازی اور شہری پروجیکٹوں کے موثر نفاذ میں مدد کریں گے۔ ان کی مہارت میونسپل سروسز کو مضبوط بنانے، شہری ترقی کو تیز کرنے اور کچرے کے انتظام، آلودگی پر قابو پانے اور عوامی صفائی جیسے چیلنجوں کو حل کرنے میں مدد کرے گی۔
دہلی حکومت کا یہ قدم سیول گورننس کو مضبوط بنانے، جوابدہی کو یقینی بنانے اور دہلی کی پائیدار شہری ترقی کو فروغ دینے کے لیے دہلی اسمبلی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یو این آئی ۔ ع خ