NationalPosted at: Jun 14 2025 6:58PM مودی 15-18 جون کے درمیان تین ملکوں کے دورے پر رہیں گے

نئی دہلی، 14 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 15 اور 18 جون کے درمیان کینیڈا، قبرص اور کروشیا کا دورہ کریں گے اور کینیڈا میں جی-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ نے آج یہاں کہا کہ پہلے مرحلے میں مسٹر مودی 15-16 جون 2025 کو قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈس کی دعوت پر سرکاری دورے پر قبرص جائیں گے۔ دو دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا قبرص کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ نکوسیا میں مسٹر مودی مسٹر کرسٹوڈولائڈس کے ساتھ بات چیت کریں گے اور لیماسول میں کاروباری رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کو گہرا کرنے اور بحیرہ روم کے علاقے اور یوروپی یونین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی تصدیق کرے گا۔
اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں مسٹر مودی کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کی دعوت پر جی-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے 16-17 جون کو کینیڈا کےکناناسکس کا دورہ کریں گے۔ جی 7 سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم کی یہ مسلسل چھٹی شرکت ہوگی۔ سربراہی اجلاس میں، وزیر اعظم جی 7 ممالک کے رہنماؤں، دیگر مدعو ممالک کے سربراہان اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ اہم عالمی مسائل بشمول توانائی کی حفاظت، ٹیکنالوجی اور اختراع، خاص طور پراے آئی-انرجی گٹھ جوڑ اور کوانٹم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اپنے دورے کے آخری مرحلے میں مسٹر مودی وزیر اعظم آندریج پلینکووچ کی دعوت پر 18 جون کو سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا کروشیا کا پہلا دورہ ہوگا، جو دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہوگا۔ وزیر اعظم مستر پلینکوک کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے اور کروشیا کے صدر زوران میلانووک سے ملاقات کریں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ کروشیا کا دورہ یورپی یونین میں شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ہندوستان کے عزم کو بھی اجاگر کرے گا۔
یو این اائی م ع۔ 1810