OthersPosted at: Oct 9 2025 10:54PM ہندوستان-برطانیہ کی شراکت داری عالمی استحکام اور اقتصادی ترقی کی بنیاد: مودی

ممبئی، 9 اکتوبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور برطانیہ کو فطری شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدم استحکام کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری عالمی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم بنیاد ہے ہندوستان کے دورہ پر آئے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ جمعرات کو یہاں راج بھون میں تفصیلی بات چیت کے بعد ایک مشترکہ پریس بیان میں مسٹر مودی نے کہا کہ مسٹر اسٹارمر کی قیادت میں ہند-برطانیہ تعلقات نے نمایاں ترقی کی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے معدنیات کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہم نے اہم معدنیات پر تعاون کے لیے ایک انڈسٹری گلڈ اور سپلائی چین آبزرویٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا سیٹلائٹ کیمپس آئی ایس ایم، دھنباد میں ہوگا۔"
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے فوجی تربیت کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت ہندوستانی فضائیہ کے فلائنگ انسٹرکٹر برطانوی فضائیہ میں بطور ٹرینر خدمات انجام دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری اعتماد، ٹیلنٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ ہمارے تعلقات کی بنیاد جمہوریت، آزادی اور قانون کی حکمرانی جیسی اقدار پر مشترکہ یقین پر ہے۔
مسٹر مودی نے کہا، "عالمی عدم استحکام کے موجودہ دور میں، ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان یہ بڑھتی ہوئی شراکت داری عالمی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم بنیاد بن رہی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ آج کی بات چیت کے دوران دونوں ممالک نے ہند بحرالکاہل اور مغربی ایشیا میں امن و استحکام اور یوکرین میں جاری تنازعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازعہ اور غزہ کے معاملے پر، ہندوستان بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے امن کی بحالی کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک انڈو پیسیفک خطے میں سمندری سلامتی اور تعاون کو بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ وزیر اعظم اسٹارمر کے ساتھ آنے والے اب تک کے سب سے بڑے اور متاثر کن تعلیمی وفد کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ نو برطانوی یونیورسٹیاں اب ہندوستان میں کیمپس کھولنے جا رہی ہیں۔
یواین آئی۔الف الف