InternationalPosted at: Jul 9 2025 11:36PM ہندوستان اور نمیبیا کا مشترکہ ورثہ ہے، دونوں کے خواب اور امیدیں ایک ہیں: مودی

ونڈہوک/نئی دہلی 09 جولائی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور نمیبیا کا مشترکہ ورثہ ہے دونوں ممالک عزت اور آزادی کی قدر کرتے ہیں اور گلوبل ساؤتھ کا حصہ ہونے کے ناطے ہمارے خواب اور امیدیں ایک جیسی ہیںنمیبیا کے دورے کے دوران مسٹر مودی نے بدھ کو نمیبیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اور اس اعزاز سے نوازے جانے پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ"اس باوقار ایوان، جمہوریت کے مندر سے خطاب کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے یہ اعزاز دینے کے لیے میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں جمہوریت کی ماں کے نمائندے کے طور پر آپ کے سامنے کھڑا ہوں اور میں اپنے ساتھ ہندوستان کے 1.4 بلین لوگوں کی دلی نیک خواہشات لے کر آیا ہوں۔"
دونوں ممالک کے درمیان مماثلت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ورثہ مشترک ہے اور ہمارے ممالک کے عوام کے خواب اور امیدیں بھی ایک جیسی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ "ہندوستان اور نمیبیا میں بہت کچھ مشترک ہے۔ ہم دونوں نے نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ ہم دونوں وقار اور آزادی کی قدر کرتے ہیں۔ ہمارا آئین ہمیں مساوات، آزادی اور انصاف کو برقرار رکھنے کے لیے رہنمائی کرتا ہے۔ ہم عالمی جنوب کا حصہ ہیں اور ہمارے لوگ امید اور خواب بانٹتے ہیں۔"
مسٹر مودی نے کہا کہ آئین کی طاقت سے بڑی کوئی طاقت نہیں ہے اور دونوں ممالک کے آئین لوگوں کو مساوات، آزادی اور انصاف کی حکمرانی پر یقین رکھنے کی رہنمائی کرتے ہیں۔
نمیبیا کے لوگوں نے اپنی پہلی خاتون صدر منتخب کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے لوگ بھی آپ کے ساتھ اس خوشی میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ایک خاتون صدر ہیں اور "ہم انہیں فخر سے میڈم صدر بھی کہتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستانی آئین کی طاقت ہے کہ ایک غریب قبائلی خاندان کی بیٹی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی صدر ہے۔
یواین آئی ظ ا