NationalPosted at: May 18 2024 12:53PM دہلی میں مودی اور راہل کی انتخابی ریلی

نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی قومی دارالحکومت میں جاری چلچلاتی گرمی اور زبردست انتخابی سرگرمیوں کے درمیان آج اپنی اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
مودی شمال مشرقی دہلی میں پارٹی امیدوار منوج تواری کے لیے ووٹ مانگنے کے لیے انتخابی ریلی میں شرکت کریں گے جب کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی چاندنی چوک پارلیمانی حلقے میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس انتخابات میں قومی دارالحکومت میں مسٹر گاندھی کی یہ پہلی انتخابی ریلی ہوگی۔
کانگریس ذرائع نے بتایا کہ مسٹر گاندھی شام کو چاندنی چوک کے رام لیلا میدان میں ایک بہت بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس سے پہلے وہ اتر پردیش کے بارہ بنکی میں ایک ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔
دریں اثنا، بی جے پی کی دہلی یونٹ کے سربراہ ویرندر سچدیو نے شمال مشرقی دہلی میں مسٹر مودی کی انتخابی ریلی کے مقام کا دورہ کیا اور پارٹی امیدوار منوج تیواری اور دیگر قائدین سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔
سچدیو نے کہا، "وزیراعظم مودی کی یہ ریلی تاریخی ہوگی اور ان کی انتخابی میٹنگ سے بی جے پی کارکنوں اور عوام کے جوش و خروش میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم اس ریلی میں ہماری رہنمائی کرنے آ رہے ہیں اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ شمال مشرقی دہلی کے لوگ اپنے مقبول وزیر اعظم کو دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور ہر کوئی انھیں دیکھنا اور سننا چاہتا ہے“۔
دہلی کانگریس کے رہنما انل بھاردواج نے کہا کہ راہل گاندھی ہفتے کی شام 6 بجے رام لیلا میدان میں انڈیا الائنس کے امیدواروں کے لیے ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ڈی اے گراو¿نڈ میں ہونے والے وزیراعظم کے انتخابی جلسے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس پی جی، دہلی پولیس کی سیکورٹی برانچ اور مقامی پولیس کا چار درجے کا سیکورٹی گھیراو¿ موجود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ریلی کے لیے 2000 سے زائد سیکیورٹی اور ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہریانہ کے سونی پت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد مسٹر مودی سیدھے یہاں پنڈال پہنچیں گے۔
یواین آئی، م ش