NationalPosted at: Apr 20 2025 7:42PM مصطفی آباد میں لوگوں کی موت کے لیے آپ اور بی جے پی ذمہ دار : یادو

نئی دہلی، 20 اپریل (یو این آئی) دہلی ریاستی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے اتوار کو مصطفی آباد میں چار منزلہ عمارت کے گرنے پر غم کا اظہار کیا اور اس واقعہ میں لوگوں کی موت کے لئے ریاست کی سابقہ عام آدمی پارٹی (آپ) حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
مسٹر یادو نے آج یہاں کہا کہ مصطفی آباد میں چار منزلہ عمارت کے گرنے سے 11 لوگوں کی موت کے لئے بی جے پی اور آپ براہ راست ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں جان و مال دونوں کا نقصان ہوا ہے لہٰذا اس کی اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور غیر مجاز تعمیرات کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے دردناک حادثات سے بچا جا سکے۔ مصطفی آباد میں عمارت گرنے سے 11 افراد زخمی بھی ہوئے۔ مصطفی آباد میں 2015 میں بی جے پی کا ایک ایم ایل اے تھا، 2020 میں آپ اور 2025 میں ایک بار پھر بی جے پی ایم ایل اے تھا، جس کی نگرانی میں غیر مجاز تعمیرات ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری غیر مجاز تعمیرات کے لئے بی جے پی اور آپ ذمہ دار ہیں، کیونکہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں 15 سال سے بی جے پی کی بدعنوان حکمرانی تھی اور آپ پچھلے تین برسوں سے اقتدار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آپ قوانین کو طاق پر رکھتے ہوئے دہلی میں غیر مجاز تعمیرات کی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے دونوں پارٹیوں کے میونسپل کونسلروں پر غیر مجاز تعمیرات کے لیے پیسے بٹورنے کا الزام لگایا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ قومی راجدھانی سیسمک زون-4 میں واقع ہے، جس کے مطابق دہلی ایک زیادہ خطرہ والا علاقہ ہے اور یہاں زلزلوں کی شدت عام طور پر 5-6 کے درمیان ہوتی ہے، لیکن بعض اوقات 7-8 کی شدت کے زلزلے بھی آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں غیر مجاز تعمیرات کی وجہ سے دہلی کھوکھلی ہو چکی ہے اور اگر زیادہ شدت کا زلزلہ آتا ہے تو قومی راجدھانی ملبے کا ڈھیر بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کے لیے دہلی میونسپل کارپوریشن اور دہلی حکومت کے افسران کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔
مسٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے انکوائری کا حکم دے کر اور کارپوریشن کمشنر سے انکوائری رپورٹ نہ مانگ کر حادثے سے پلہ جھاڑ لیا ہے، لیکن اس سے اتنے بڑے حادثے کی تلافی نہیں ہو سکتی۔ جاں بحق افراد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے حادثے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی امداد دی جائے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے کے معاوضہ رقم آج مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کچھ بھی نہیں ہے، اس لیے انہیں فی الفور 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے فوری طور پر دیے جائیں۔
یو این آئی۔ این یو۔