NationalPosted at: Mar 24 2025 9:51PM شناخت شدہ اضلاع میں 13.46 لاکھ سے زیادہ نکشے شیویروں کا انعقاد: نڈا

نئی دہلی، 24 مارچ (یو این آئی) صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا نے کہا ہے کہ ٹی بی کے خاتمے کی حکمت عملی ’پورے سماج‘ اور ’پوری حکومت‘ کے نقطہ نظر پر مبنی ہے اور شناخت شدہ اضلاع میں 13.46 لاکھ سے زیادہ نکشے شیویر - کمیونٹی اسکریننگ اور بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا گیا تھا، جس سے ٹی بی کے کروڑوں لوگوں کو براہ راست ضروری خدمات فراہم کی جائیں گی۔
پیر کو یہاں ورلڈ ٹی بی ڈے کے موقع پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نڈا نے کہا کہ 100 روزہ ٹی بی فری انڈیا مہم کے تحت ہندوستان بھر میں 12.97 کروڑ لوگوں کی ٹی بی کی جانچ کی گئی اور 7.19 لاکھ سے زیادہ ٹی بی کے مریضوں کو نوٹیفائی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 2.85 لاکھ نوٹیفائی مریض غیر علامتی تھے، جن کا پتہ مہم کی جانچ کی حکمت عملی کے بغیر نہیں چل سکتا تھا۔
اپنے خطاب میں، مرکزی وزیر نے ٹی بی سے پاک ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہندوستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹی بی کے خاتمے کی شدید مہم میں جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کا استعمال شامل ہے۔ اس سے مہم کو جغرافیائی رکاوٹوں پر قابو پانے اور دور دراز علاقوں تک اہم جانچ اور تشخیصی خدمات پہنچانے میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ 13.46 لاکھ سے زیادہ نکشے شیویر، یا کمیونٹی اسکریننگ اور بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا گیا اور براہ راست ضروری ٹی بی خدمات فراہم کی گئیں۔
یو این آئی۔ این یو۔