InternationalPosted at: Aug 6 2024 11:37PM نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ، آٹھ افراد ہلاک، چھ زخمی
کاٹھمنڈو، 06 اگست (یو این آئی) نیپال میں مسلسل بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے منگل کے روز کم از کم 12 لوگوں کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں جون کے اوائل میں مانسون کا موسم شروع ہونے کے بعد مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 165 تک پہنچ گئی ہے۔ ضلع باگلونگ کے بڈی گڈ دیہی میونسپلٹی میں زمین کھسکنے سے دو خاندانوں کے آٹھ افراد ہلاک اور چار دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں بچا لیا گیا۔ اسسٹنٹ چیف ڈسٹرکٹ آفیسر چترنگت برال نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آٹھ مہلوکین میں سے چھ بچے ہیں۔ ضلع پولیس کے ترجمان رام کمار کے سی نے بتایا کہ ضلع گلمی کے موسیکوٹ میونسپلٹی میں مٹی کے تودے گرنے سے دو مکانات دب جانے سے چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
نیپال پولس کے ترجمان دان بہادر کارکی نے خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ جون کے شروع میں مانسون کا موسم شروع ہونے کے بعد سے منگل کی دوپہر تک بارشوں سے متعلق آفات میں کل 165 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے 34 اضلاع میں منگل اور بدھ کے روز شدید بارش کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یو این آئی۔ م ش۔