Monday, Jun 23 2025 | Time 18:52 Hrs(IST)
Entertainment

بی جے پی ایم پی روی کشن کو سنسد رتن ایوارڈ 2025 سے نوازا جائے گا

نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) بھوجپوری سنیما کے میگا اسٹار اور گورکھپور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ روی کشن کو پارلیمانی جمہوریت میں ان کی شاندار اور مستقل شراکت کے لیے باوقار سنسد رتن ایوارڈ 2025 سے نوازا جائے گا۔

روی کشن کو یہ ایوارڈ جولائی 2025 کے آخری ہفتے میں نئی ​​دہلی میں منعقد ہونے والی سنسد رتن ایوارڈ تقریب کے 15 ویں ایڈیشن میں دیا جائے گا۔

روی کشن نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور گورکھپور لوک سبھا حلقہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا، "یہ ایوارڈ نہ صرف میرے لیے ایک تحریک ہے بلکہ جمہوریت میں عوامی نمائندے کی ذمہ داریوں کی تصدیق بھی ہے۔
میں اسے گورکھپور کے لوگوں کی جیت سمجھتا ہوں، جنہوں نے مجھے خدمت کرنے کا موقع دیا۔

قابل ذکر ہے کہ سنسد رتن ایوارڈز 2010 میں پرائم پوائنٹ فاؤنڈیشن اور ای میگزین 'پریزنس' نے ہندوستان کے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی تجویز پر قائم کیا تھا۔
مئی 2010 میں چنئی میں منعقدہ پہلی تقریب کا افتتاح ڈاکٹر کلام نے خود کیا تھا۔
تب سے اب تک 14 ایڈیشنز میں کل 125 ایوارڈز پیش کیے جا چکے ہیں، جن میں انفرادی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو بھی اعزاز دیا گیا ہے۔
اس سال لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے کل 17 ممبران پارلیمنٹ اور دو پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

یواین آئی۔
الف الف