InternationalPosted at: Oct 10 2025 6:11PM امن کا نوبیل انعام وینزویلا کی خاتون ماریا کورینا مچاڈو کے نام

اوسلو، 10 اکتوبر (یو این آئی) رواں سال کے لیے امن کے نوبیل انعام کا اعلان کردیا گیا اور امن کا نوبیل انعام 2025 وینزویلا کی ماریا کورینا مچاڈو نے جیت لیا۔
امن نوبیل انعام کے اعلان کی تقریب ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہوئی، جس میں کمیٹی نے ماریہ کورینہ کو وینزویلا میں جمہوریت کے فروغ اور آزادانہ انتخابات کے لیے ان کی کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا، تاہم ایوارڈ رسمی طور پر 10 دسمبر کو پیش کیا جائے گا۔
نوبیل کمیٹی کا کہنا ہے کہ امن انعام وینزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریا کورینا مچاڈو کے نام رہا۔ انہیں وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ کے لیے دیا گیا ہے۔
ماریا کورینا مچاڈو کو آمریت سے جمہوریت کی منصفانہ و پُرامن منتقلی کی جدوجہد پر دیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کا نوبیل انعام اپنے نام کرنے میں ناکام رہے۔ امن کے نوبیل انعام کے لیے پاکستان سمیت مختلف ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نامزد کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال نوبیل امن انعام کے لیے 300 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
ناروے کے نوبیل انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 338 نامزدگیوں میں 244 افراد اور 94 تنظیمیں شامل ہیں، جو گزشتہ برس کی 286 نامزدگیوں کے مقابلے میں یہ ایک نمایاں اضافہ ہے۔
نوبیل قوانین کے مطابق امیدواروں کی شناخت 50 سال تک خفیہ رکھی جاتی ہے، تاہم انعامی کمیٹی اس شخص یا تنظیم کا نام ظاہر کرنے کے لیے آزاد ہے جو انہوں نے تجویز کیا ہے۔
نوبیل امن انعام سویڈن کے سائنسدان الفریڈ نوبیل کی وصیت کے مطابق قائم کیا گیا تھا، جنہوں نے اپنی دولت کا ایک حصہ اُن شخصیات یا اداروں کے نام کرنے کی ہدایت دی جو دنیا میں امن اور بھائی چارے کے قیام کے لیے نمایاں کردار ادا کریں۔
پہلا نوبیل امن انعام 1901 میں دیا گیا اور یہ ایوارڈ ہر سال ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں دس دسمبر کو نوبیل کی برسی کے موقع پر پیش کیا جاتا ہے، اب تک یہ اعزاز نیلسن منڈیلا، مدر ٹریسا، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر، ملالہ یوسفزئی اور وانگاری ماتھائی سمیت کئی عالمی شخصیات کے حصے میں آ چکا ہے۔
نوبیل امن انعام آج بھی اُن لوگوں کی پہچان ہے جو نفرت کے بجائے امن اور طاقت کے بجائے انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس انعام کے لیے خاصے پرامید تھے اور اعلان سے چند گھنٹے قبل انہوں نے کہا تھا کہ اگر مجھے یہ انعام نہیں دیا جاتا تو یہ ہمارے ملک کی بہت بڑی توہین ہو گی۔
یو این آئی۔ ع ا۔