NationalPosted at: Feb 18 2025 7:39PM دہلی میں بی جے پی کا 'دولہا' ابھی تک نامعلوم ہے: آپ

نئی دہلی، 18 فروری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کیے بغیر حلف برداری کی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بارات اور منڈپ تیار ہیں لیکن کوئی نہیں جانتا کہ بی جے پی کا دولہا کون ہوگا آپ کے دہلی ریاستی کنوینر گوپال رائے نے آج کہا کہ شادی کی بارات اور منڈپ تیار ہیں لیکن کوئی نہیں جانتا کہ بی جے پی کا دولہا کون ہوگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی نے ابھی تک وزیر اعلیٰ کے نام کا فیصلہ نہیں کیا ہے یا اس کے پیچھے کوئی بڑا راز ہے۔ عام طور پر الیکشن میں کامیابی کے بعد پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوتی ہے جس میں اس کا لیڈر منتخب ہوتا ہے اور وہ لیفٹیننٹ گورنر سے مل کر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرتا ہے۔ یہاں بی جے پی تمام تیاریاں کر رہی ہے، لیکن وزیر اعلیٰ کون بنے گا اس کا کوئی پتہ نہیں ہے۔
مسٹر رائے نے کہا "اس ملک میں مختلف ریاستوں میں مختلف پارٹیوں کی حکومتیں بنی ہیں، لیکن ہندوستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ شادی کی بارات تیار ہے، منڈپ تیار ہے، اس کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے، لیکن کوئی نہیں جانتا کہ دولہا کون ہوگا۔"
انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ روایت رہی ہے کہ الیکشن کے بعد جو بھی پارٹی جیتتی ہے وہ اپنی قانون ساز پارٹی کا اجلاس منعقد کرتی ہے جس میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا جاتا ہے جو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویدار ہوتا ہے۔ وہ اپنا دعویٰ پیش کرتا ہے اور گورنر یا صدر کو اپنی کابینہ کا نام بھی دیتا ہے۔ وہاں سے منظوری کے بعد حلف برداری کی تاریخ دی جاتی ہے اور اس کے بعد اس کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں۔ یہاں تمام تر تیاریاں جاری ہیں، لیکن وزیر اعلیٰ کون بنے گا اس کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ یہ بی جے پی ہے، یہ کچھ بھی کر سکتی ہے۔ یہ لوگ اگلے پانچ برسوں میں مزید کئی ریکارڈ بنائیں گے۔
یو این آئی ۔ ع خ