NationalPosted at: Mar 17 2025 2:56PM راجیہ سبھا میں دھنکڑکی لمبی عمر کی آرزو کی گئی

نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) راجیہ سبھا میں چیئرمین جگدیپ دھنکڑ کی صحت مند، خوش اور لمبی زندگی کے لیے آج خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
قائد ایوان جگت پرکاش نڈا نے آج صبح مسٹر دھنکڑ کےایوان کی صدارت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کی صحت مند اور لمبی عمر کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحت یاب ہونے کے بعد پہلی بار ایوان میں آئے ہیں۔ یہ ایوان ان کا خیر مقدم کرتا ہے اور ان کی صحت مند، خوش اور لمبی زندگی کی خواہش کرتا ہے۔ انہوں نے مسٹر دھنکڑکو ہولی کی مبارکباد بھی دی۔
ایوان میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے اسپیکر کی صحت مند زندگی کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ انہیں ابھی آرام کرنا چاہئے۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ان کا جوش اور لگن ہر ایک کو متاثر کرتی ہے۔ کانگریس کے صدر نے انہیں ہولی کی مبارکباد اور صحت مند زندگی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کی لمبی عمر کے لئے دعا گو ہیں۔
مسٹر دھنکڑ نے ایوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مسلسل ان کی اہلیہ ڈاکٹر سدیش دھنکڑ سے رابطے میں تھیں اور ان کی خیریت دریافت کرتی رہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی، ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن اور دیگر بھی ان کی مزاج پرسی کے لئے اسپتال پہنچے۔
خیال رہے کہ مسٹر دھنکڑکو سانس لینے میں دشواری کی شکایت کے بعد گزشتہ ہفتے نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا تھا۔
یو این آئی ۔ ع خ