NationalPosted at: Mar 18 2025 9:04PM ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی بحریہ سمندری تعاون میں اضافہ کریں گی

نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی بحریہ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تربیت اور بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی۔
نیوزی لینڈ کے دورے پر آئے ہوئے بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل گیرن گولڈنگ نے منگل کو یہاں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ انہوں نےبحری تعلقات کو بڑھانے، مشترکہ تربیتی اقدامات اور بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ نیوزی لینڈ نیوی کے سربراہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور سیکریٹری دفاع سمیت اعلیٰ دفاعی قیادت سے بات چیت کریں گے اور علاقائی سلامتی کے لیے نیوزی لینڈ کے عزم کی تصدیق کریں گے۔
بعد ازاں وہ ممبئی بھی جائیں گے اور ویسٹرن نیول کمانڈ کے اہلکاروں سے بات چیت کریں گے۔ وہ مقامی تباہ کن آئی این ایس سورت کا دورہ کریں گے اور جہاز کی دیکھ بھال اور ٹیکنالوجی میں مستقبل میں تعاون کے امکانات تلاش کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کی موجودگی میں ایک تقریب میں شرکت کریں گے جس سے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے سمندری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ریئر ایڈمرل گولڈنگ کا دورہ ہند-نیوزی لینڈ دفاعی تعلقات کے ارتقاء، گہرے بحری تعاون کو فروغ دینے اور ہند-بحرالکاہل خطے میں باہمی مفادات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہے۔ ریئر ایڈمرل نے پیر کو رائسینا ڈائیلاگ میں شرکت کی۔ آج انہوں نے قومی جنگی یادگار پر پھول چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہیں باقاعدہ گارڈ آف آنر دیا گیا۔
نیوزی لینڈ بحریہ کے سربراہ 21 مارچ تک ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان بحری تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1929