NationalPosted at: Jun 21 2025 6:21PM جامعہ ملیہ اسلامیہ میں یوگ کا عالمی دن 2025 انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

نئی دہلی ،21جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے باعث تحریک الفاظ’’یوگا انسانیت کی زندگی کے لیے ایک ناگزیر لمحہ توقف ہے۔‘‘سے جوش وولولے سے سرشار، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر مظہر آصف اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ کی قیادت میں گیارہویں عالمی یوم یوگا (آئی ڈی وائی) 2025 منانے کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسپورٹ کمپلیکس میں ’یوگا فارون ارتھ،ون ہیلتھ‘ کی تھیم کے تحت ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ایک ریلیز کے مطابق اس شان دار پروگرام کا انعقاد ڈپارٹمنٹ آف گیمز اینڈ اسپورٹس،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے دفتر، ڈی ایس ڈبلیو،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تدریسی،غیر تدریسی اسٹاف اور طلبہ نے عالمی یوم یوگا میں حصہ لیا اور وزیر اعظم کے خطاب کے گواہ بنے۔اس کے بعد تمام شرکا نے یوگا گرو پروفیسر (ڈاکٹر) بدرالاسلام کیرانوی،ڈائریکٹر، انسٹی ٹیوٹ آف ڈاکٹر بی آئی کے یوگا اینڈ کلینک،آیوش پیرا میڈیکس نئی دہلی اور سابق تربیتی کمشنر،کے وی ایس بی ایس جی، وزارت انسانی بہبود،حکومت ہند، نئی دہلی کی نگرانی و رہنمائی میں وزارت آیوش،حکومت ہند کی ہدایات کے متعینہ ضابطوں کے مطابق یو گا کیا۔ یوگ گرو نے مختلف مدرائیں اور آسن کرکے شرکا کو دکھائے اور انھیں متعدد امراض میں روبہ صحت ہونے میں مختلف آسنوں کی خاص اقدار اور اہمیت اور جسمانی اعضا کو درست انداز میں رکھنے اور لچک دار بنائے رکھنے کے متعلق بتایا۔
پروفیسر آصف نے صحت مند دماغ، جسم اور روح کے حصول کے لیے یوگا کی قدیم اور ثروت مند روایت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انھوں نے جامعہ برادری سے کہا کہ وہ یوگا کو اپنے معمولات زندگی میں کامل طورپر شامل کریں۔انھوں نے کہا کہ’ ’دل کو صاف رکھنے کا بہترین طریقہ اور پر امن اور ہم آہنگ ذات کی برقراری کے لیے یوگا بہترین ذریعہ اور وسیلہ ہے۔ دل ہماری فکر سے جڑتا ہے اوردماغ اور ہماری فکر کو خالص رکھنا ہی صحت مند دل رکھنا ہے۔‘‘
پروفیسر رضوی نے کہا کہ ’’ آئی ڈی وائی ترقی یافتہ ہندوستان کے اہداف کے حصول میں مدد بہم پہنچائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہاکہ ’’ یوگ کے عالمی دن دوہزار پچیس کو کامیاب بنانے کے لیے گزشتہ ایک ماہ سے پوری جامعہ برادری سخت جد وجہد کررہی ہے جس میں یوگ سے متعلق متعدد تربیتی سیشن میں شمولیت بھی شامل ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں باضابطہ یوگا تربیتی پروگرام کے انعقاد نے ہمارے فیکلٹی اراکین اورطلبہ میں ضابطے کی پابندی اور خود آگاہی کو فروغ دیا ہے۔‘‘
پروفیسر نیلوفر افضل،ڈین،اسٹوڈینٹس ویلفیئر،پروفیسر نفیس احمد، ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ گیمز،ڈپٹی کنٹرولر امتحانات، چیف پراکٹراور ان کی ٹیم،فیکلٹیز کے ڈینز،صدور شعبہ جات، مراکز کے ڈائریکٹر،یونیورسٹی فیکلٹی اراکین،طلبہ،پرنسپل،اساتذہ اور جامعہ اسکول کے طلبہ، این سی سی اور این ایس ایس کوآرڈی نیٹر ز اور ان کی ٹیم اور نشہ مکھ ہاسٹل کمیٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ (نشہ مکتی بھارت پکھواڑہ کے زیراہتمام) نے عالمی یوم یوگا منانے کے لیے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آئی ڈی وائی کے لوگو پر مشتمل اس موقع کے لیے خاص طورپر تیارٹی شرٹ میں ملبوس فیکلٹی اراکین کے ساتھ یونیورسٹی اور اسکول کے طلبہ نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تحریک زا الفاظ کے ساتھ کہ یوگا ’میرے سے ہمارے کی طرف کوچ کا سفر ہے‘ پرجوش انداز میں یوگا کے مختلف آسن کیے۔قابل ذکر ہے کہ عزت مآب وزیر اعظم کاتحریک زا خطاب اسپورٹس کمپلیکس کے سبزہ زار میں بڑی اسکرین پردکھایا گیا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں عالمی یوم یوگا منانے کے حصے کے طور پر اے جے کے ماس کمیو نی کیشن رسرچ سینٹر،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس موقع پر ایک خصوصی ریڈیو پروگرام بھی تیار کیا تھا جسے ایف ایم نوے اعشاریہ چار پر مورخہ چار جون دوہزار بیس کو سہ پہر تین بجے نشر کیا گیا۔اس سے پہلے عالمی یوم یوگا سے قبل کی سرگرمیوں میں گیمز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور شعبہ سنسکرت،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے گیارہویں عالمی یوم یوگا منانے کی تیاری سے ہم آہنگ متعدد ’یوگا تربیتی سیشن اور ورکشاپ‘ کا انعقاد کیا تھا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اس سال یوگا سے متعلق زبردست اور شان دارتقریبات میں وزیر اعظم کے پیغام’سروے بھوانتو سکھیانہ‘ کی صاف اور واضح گونج سنائی دی جس کا مفہوم ہے کہ سبھی کے لیے خوش حالی اور بہبود ایک مقدس فریضہ ہے اور یوگا اس کے حصول کا بہترین وسیلہ۔
یواین آئی۔ایف اے