NationalPosted at: Oct 9 2025 6:09PM سودیشی کے ذریعہ خود انحصاری کی راہ ہموار ہوگی : ریکھا گپتا

نئی دہلی، 09 اکتوبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ خود انحصاری کی راہ صرف سودیشی کے ذریعے ہی ہموار ہو سکتی ہے، اور جب ہندوستان ہر شعبے میں خود کفیل بن جائے گا تو دنیا کا کوئی بھی ملک ہندوستان کو آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی ہمت نہیں کرے گا محترمہ گپتا نے آج یہاں کرتویہ پتھ پر منعقد سودیشی اتسو کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپنی ضروریات کے لیے دوسرے ممالک پر منحصر ہوتے ہیں تو ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن جب ہم خود انحصار بن جاتے ہیں تو پریشانیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ پھر چاہے دنیا کا کوئی بھی ملک ہو، وہ ہمیں آنکھ دکھانے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان جیسا بازار دنیا میں کہیں نہیں ہے اور آنے والے وقت میں ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ ہب بننے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مضبوط پالیسیوں کے باعث دہلی اسٹارٹ اپس کے شعبے میں سب سے آگے ہے۔ ہندوستان کسی سے کم نہیں۔ پوری دنیا ہندوستان کی ذہانت سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ ہندوستان کے لوگوں کی صلاحیت اور محنت کے دم پر دنیا کے ممالک ترقی کر رہے ہیں۔ تمام مشکلات سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے — اور وہ ہے خود انحصار بننا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سودیشی کے ذریعے ہی خود انحصار بن سکتے ہیں۔ آزادی کی جدوجہد کے دوران بھی کھادی کو انگریزوں کے خلاف ایک ہتھیار بنایا گیا تھا، جو آج بھی اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیا کسی نے کبھی سوچا تھا کہ ہندوستان میں اتنا بڑا ڈیجیٹل انقلاب آئے گا؟ آج ہر شخص کے ہاتھ میں اسمارٹ موبائل فون ہے۔ ہندوستان کے نوجوان، خواتین اور کاروباری طبقے میں اتنی صلاحیت ہے کہ اگر انہیں مناسب مدد دی جائے تو وہ غیر معمولی ترقی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سودیشی اتسو کا انعقاد ہندوستان کے اعتماد، تہذیب و روایت اور قومی وقار کا جشن ہے۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ہم سودیشی اپنائیں، کیونکہ جب ہم سودیشی اشیاء کا انتخاب کرتے ہیں تو ہم صرف اشیاء نہیں خریدتے، بلکہ ہم اپنے ملک کی محنت، ذہانت اور شناخت کو اپناتے ہیں۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ سودیشی کا ہر دیا ہمارے کاریگروں کی محنت کی روشنی ہے، ہر چراغ میں ہندوستان کی مٹی کی خوشبو ہے، اور ہر خریداری خود انحصار ہندوستان کی جانب ایک قدم ہے۔
آئیے، اس دیوالی پر ہم سب یہ عہد کریں کہ اس بار دہلی کی دیوالی سودیشی عزم والی ہو۔
یواین آئی۔ م س