NationalPosted at: Dec 10 2025 10:57AM وزیراعظم مودی نے راجہ جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی، 10 دسمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز سی راج گوپالاچاری کو ان کی یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں بیسویں صدی کے ’’تیز ترین ذہن‘‘ رکھنے والے رہنماؤں میں شمار کیا۔
سماجی پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا، ’’مجاہدِ آزادی، مفکر، دانشور، مدبر… یہ وہ اوصاف ہیں جو سی راج گوپالاچاری کا ذکر آتے ہی ذہن میں ابھرتے ہیں۔‘‘
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’’راجہ جی بیسویں صدی کے ان اذہان میں سے تھے جنہوں نے اقدار کی تشکیل اور انسانی وقار کے فروغ پر یقین رکھا۔ ہماری قوم ان کی لازوال خدمات کو شکرگزاری کے ساتھ یاد کرتی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سی راج گوپالاچاری، جنہیں عام طور پر راجہ جی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، ہندستان کے آخری گورنر جنرل تھے اور مہاتما گاندھی کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
آزادی کی تحریک اور بعد کی سرکاری زندگی کے اہم رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک ممتاز ادیب، سیاسی مفکر اور سوَتنتر پارٹی کے بانیوں میں سے بھی تھے۔
راجہ جی کی سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم مودی نے ان سے متعلق بعض نایاب دستاویز بھی شیئر کئے ہیں۔ اس مجموعے میں نوجوان راج گوپالاچاری کی ایک تصویر، کابینی وزیر کی حیثیت سے ان کی تقرری کا سرکاری نوٹیفکیشن، 1920 کی دہائی کے رضاکاروں کے ساتھ گروپ فوٹو اور 1922 کا ’’ینگ انڈیا‘‘ کا شمارہ شامل ہے جسے راجا جی نے اس وقت ترتیب دیا تھا جب گاندھی جی جیل میں تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاریخی جھلکیاں راجا جی کی فکری میراث اور ہندستان کے ابتدائی قومی سفر میں ان کے مرکزی کردار کو نمایاں کرتی ہیں۔
یو این آئی۔ ایم جے۔