NationalPosted at: May 16 2026 3:00PM مودی نے سکم کے یومِ تاسیس پر مبارکباد دی، ریاست کی ترقی کے لیے مرکز کے تعاون کا یقین دلایا
نئی دہلی، 16 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندرمودی نے ہفتہ کے روز سکم کے یومِ تاسیس کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ہندستان کی ترقی میں اس ہمالیائی ریاست کے کردار کو سراہتے ہوئے اس کی مستقبل کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں مودی نے کہا کہ ریاست کے یومِ تاسیس پر تمام بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد۔ ہندستان کی ترقی میں سکّم کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تعریف ہے۔ میں ریاست کے عوام کی صحت اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔”
وزیر اعظم کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سکّم اپنی ریاستی حیثیت کے 50 سال مکمل ہونے کی گولڈن جوبلی منا رہا ہے۔ اس موقع پر ریاست بھر میں سرکاری تقریبات، ثقافتی پروگرام اور عوامی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں اس کی تاریخ، روایات اور ترقی کے سفر کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سکّم، جو ہندستان کی دوسری سب سے چھوٹی ریاست ہے، 16 مئی 1975 کو ایک تاریخی ریفرنڈم کے بعد باضابطہ طور پر مرکز کے زیر انتظام ہندستان کی 22ویں ریاست بنی تھی، جس کے ساتھ ہی بادشاہت کا خاتمہ ہوا اور یہ ہمالیائی خطہ ہندستان میں شامل ہو گیا۔
گزشتہ دہائیوں میں سکّم پائیدار ترقی، نامیاتی (آرگینک) کھیتی اور ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں ایک مثال بن کر ابھرا ہے۔ ساتھ ہی چین، نیپال اور بھوٹان کے قریب ہونے کی وجہ سے اس کی اسٹریٹجک اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔
گولڈن جوبلی تقریبات میں گزشتہ 50 برسوں کے دوران سکّم کی ترقی کو نمایاں کیا جا رہا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، سیاحت، رابطہ کاری میں بہتری کو اجاگر کیا گیا ہے۔ مرکز نے حالیہ برسوں میں سکّم سمیت شمال مشرقی اور ہمالیائی علاقوں میں سڑکوں، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات کا اعلان بھی کیا ہے۔
یو این آئی ایم جے