NationalPosted at: Jul 8 2026 11:43PM ہندوستان نے مغربی ایشیا میں حالیہ حملوں سے کشیدگی بڑھنے پر کیا تشویش کا اظہار، کہا بات چیت سے کریں مسئلہ کا حل

نئی دہلی 8 جولائی (یو این آئی) ہندوستان نے مغربی ایشیا میں حالیہ حملوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے علاقائی امن، سکیورٹی اور استحکام کو خطرہ پیدا ہو سکتا ہےہندوستان نے تمام فریقوں سے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزارت خارجہ نے مغربی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا میں حالیہ حملوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، جو خطے کے بین الاقوامی آبی گزرگاہوں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو دوبارہ نشانہ بنائے جانے کے بعد پیدا ہوئی ہے۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ پیش رفت علاقائی امن، سکیورٹی اور استحکام کو کمزور کرنے کا خطرہ پیدا کرتی ہے۔ ہندوستان تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی کو کم کرنے اور شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ توانائی کی فراہمی اور تجارت کے بلاتعطل بہاؤ کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم تمام فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اپنائیں۔"
رپورٹوں کے مطابق آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد مغربی ایشیا میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ان حملوں کے بعد امریکہ نے ایران کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔