OthersPosted at: Jun 4 2026 12:17PM مظفر پور کے پرائیویٹ اسپتال میں بھیانک آتشزدگی، آئی سی یو میں چار مریضوں کی موت، 20 جھلس گئے
مظفر پور، 4 جون (یو این آئی) بہار کے مظفر پور کے ایک نجی اسپتال میں جمعرات کی علی الصبح آگ لگنے سے آئی سی یو میں چار مریضوں کی موت ہو گئی اور 20 سے زیادہ دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ آگ اسپتال کی پانچویں منزل پر واقع آئی سی یو میں لگی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ حادثے میں چار مریض دم توڑ گئے، جب کہ 20 سے زائد افراد جھلس گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت 57 سالہ گیتا دیوی، 57 سالہ ادے کمار اور 30 سالہ ششانک کمار کے طور پر کی گئی ہے جب کہ ایک اور متوفی کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ تمام زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔
مظفر پور کے ضلع مجسٹریٹ سبرت کمار نے چار لوگوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور اگر اسپتال انتظامیہ کی جانب سے غفلت پائی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کانتیش کمار مشرا نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ٹیم آگ لگنے کی وجہ اور دیگر پہلوؤں سے تفصیلی تحقیقات کر رہی ہے۔
یواین آئی۔الف الف