OthersPosted at: Aug 6 2026 2:59PM عرفان اور انجنا کا جے پور کے ایک ہی اسکول سےتعلق تھا

ممبئی، 6 اگست (یو این آئی) بالی ووڈ اداکارہ انجنا سکھانی نے آنجہانی اداکار عرفان خان کے ساتھ اپنے خاص تعلق کا انکشاف کیا ہے انجنا نے بتایا کہ عرفان اور وہ جے پور کے ایک ہی اسکول میں پڑھے تھے انجنا سکھانی نے عرفان خان کے ساتھ فلم 'سنڈے' (2008) اور 'صاحب، بیوی اور گینگسٹر ریٹرنز' (2013) میں کام کیا تھا انہوں نے عرفان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کافی بعد میں معلوم ہوا کہ دونوں جے پور کے سينٹ پال اسکول کے طالب علم رہے ہیں۔
انجنا نے کہا، "عرفان بھی جے پور سے تھے اور انہوں نے بھی اسی اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی، جہاں میں نے تعلیم حاصل کی تھی۔ 'سنڈے' کی شوٹنگ کے دوران ہم بات چیت کر رہے تھے اور تبھی ہمیں اس بارے میں معلوم ہوا۔" انہوں نے کہا کہ عرفان ان سے کافی سینئر تھے، لیکن یہ جان کر انہیں بہت خوشی ہوئی کہ دونوں کے درمیان یہ خاص مماثلت تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 'صاحب، بیوی اور گینگسٹر ریٹرنز' میں ان کا صرف ایک گانا تھا، اس لیے زیادہ بات چیت نہیں ہو سکی، لیکن 'سنڈے' کے دوران وہ عرفان کے ساتھ اکثر بات چیت کرتی تھیں۔
عرفان خان کی اداکاری کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے انجنا نے کہا، "وہ ایک شاندار فنکار تھے۔ ان کی آنکھیں بہت کچھ کہہ دیتی تھیں۔ انہیں زیادہ بولنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، ان کی آنکھیں ہی جذبات کو بیان کر دیتی تھیں۔" انہوں نے کہا کہ عرفان خان کو آج بھی پوری فلم انڈسٹری یاد کرتی ہے اور ہر کوئی ان کی کمی محسوس کرتا ہے۔
یو این آئی۔ م ع