RegionalPosted at: Jun 18 2024 3:43PM بانڈی پورہ انکائونٹر: مہلوک جنگجو ملی ٹنسی سے متعلق کئی کارروائیوں میں ملوث تھا:فوج

سری نگر، 18 جون (یو این آئی) فوج کی آر آر کے 3 سیکٹر کمانڈر وپل تیاگی نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گذشتہ روز انکائونٹر کے دوران مارے گئے ایک جنگجو کو سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہلوک جنگجو ملی ٹنسی سے متعلق کئی کارروائیوں میں ملوث تھا انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو سال 2108 سے سرگرم تھا اور لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھا۔
موصوف کمانڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز بانڈی پورہ کے مانسبل میں واقع آر آر کے سیکٹر3 ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا۔
انہوں نے کہا: 'ہمیں کچھ وقت سے بانڈی پورہ کے آری گام علاقے میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے متعلق خبریں مل رہی تھیں جس کے پیش نظر ہم علاقے میں نگاہ رکھے ہوئے تھے'۔
ان کا کہنا تھا: '16 اور 17 جون کی شب ہمیں ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس پر فوج، جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے آپریشن شرع کر دیا'۔
وپل تیاگی نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ہماری پارٹی نے مشکوک نقل و حمل دیکھی اور اس پر یقین ہونے کے بعد فائرنگ شروع کر دی۔
انہوں نے کہا: 'انکائونٹر کے دوران عمر لون ساکن پٹن نامی ایک دہشت گرد مارا گیا'۔
عمر لون کی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: 'عمر لونسال 2018 سے اے کیٹاگری کا دہشت گرد تھا اور وہ لشکر طیبہ اور ٹی آر ایف کے ساتھ وابستہ تھا'۔
موصوف کمانڈر نے کہا کہ عمر لون کئی دہشت گرد سرگرمیوں جیسے نوجوانوں کی دہشت گرد تنظمیوں کی بھرتی، او جی ڈبلیو نیٹ چلانے اور غیر قانونی ہلاکتوں میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا: 'عمر لون کی ہلاکت سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بڑی قربانی ہے'۔
ان کا کہنا تھا: 'فوج، جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے گذشتہ چند ہفتوں میں آپریشنل رفتار کو بر قرار رکھا ہے جس کی وجہ سے بہت سی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اور بہت سے پرانے دہشت گردوں کو ختم کیا گیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کو دوران ان کو لوگوں کی حمایت بھی حاصل رہی۔
یو این آئی ایم افضل