RegionalPosted at: Jun 20 2024 5:56PM ہادی پورہ رفیع آباد میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو پاکستانی ملی ٹینٹ مارے گئے: فوجی کمانڈر

سری نگر،20جون(یو این آئی)فوج کے 7سیکٹر کمانڈر دیپک موہن نے جمعرات کے روز کہاکہ ہادی پورہ رفیع آباد میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو پاکستانی ملی ٹینٹ مارے گئے انہوں نے کہاکہ مہلوکین کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا ان کے ہمراہ ڈی آئی جی شمالی کشمیر وویک گھپتا بھی موجود تھے۔
فوجی کمانڈر دیپک موہن نے کہاکہ پچھلے کئی دنوں سے ہادی پورہ رفیع آباد میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہو رہی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 19جون کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طورپر ہادی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا۔
فوجی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے سے قبل مکینوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔
انہوں نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔
دیپک موہن نے بتایا کہ تصادم کی جگہ دو ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جن کی بعد ازاں شناخت عثمان اور عمر ساکنان پاکستان کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عثمان نامی مہلوک دہشت گرد کمانڈر سال 2020سے کشمیر میں سرگرم تھا۔
فوجی کمانڈر کے مطابق تصادم کی جگہ بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا : ’پاکستانی دہشت گردوں کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ دونوں انتہائی مطلوب تھے۔ ‘
سیکٹر کمانڈر نے مزید کہاکہ عوام الناس سیکورٹی ایجنسیوں کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں ۔
یو این آئی- ارشید بٹ