RegionalPosted at: Mar 14 2026 1:30PM شاہ آج موگا میں 'بدلاؤ ریلی' سے خطاب کریں گے، سکیورٹی کے سخت انتظامات

موگا، 14 مارچ (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ہفتہ کو پنجاب کے ضلع موگا کے گاؤں کلی چاہلاں میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ 'بدلاؤ ریلی' کے نام سے منعقدہ اس پروگرام کو اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سرحدی ریاست پنجاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بڑی سیاسی مہم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مسٹر شاہ کے دوپہر کے بعد پروگرام کے مقام پر پہنچنے اور جلسہ عام سے خطاب کرنے کی امید ہے۔ ریلوے کے مرکزی وزیر مملکت رونیت سنگھ بٹو اور پنجاب بی جے پی کی سینئر قیادت اس ریلی میں شرکت کرے گی۔ یہ ریلی پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال کے درمیان کافی اہم مانی جا رہی ہے، جہاں بی جے پی اپنی بنیاد مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ کے دورے کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع میں بڑے پیمانے پر سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریلی کے مقام اور آس پاس کے علاقوں میں پولیس کی بڑی نفری تعینات کی گئی ہے اور سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ ریلی کے مقام کلی چاہلاں کے گردونواح میں دفعہ 144 جیسی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پولیس ڈرون کے ذریعے ہجوم اور قریبی دیہی افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھ رہی ہے تاکہ کسی بھی احتجاجی مظاہرے کو ریلی کے مقام تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
یو این آئی۔ این یو۔