RegionalPosted at: Apr 18 2026 11:43AM جھنڈے کے تنازع پر پتھراؤ، 11 نامزد اور 50 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر
وارانسی، 18 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش میں وارانسی ضلع کے چولاپور تھانہ علاقے کے تحت نہیا گاؤں میں مرکزی دروازے پر جھنڈا لگانے کے تعلق سے پیدا ہوا تنازع جمعہ کو تشدد میں بدل گیا۔ دو تنظیموں کے درمیان تصادم اور پتھراؤ کے دوران اے سی پی اور دروغہ سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
گوسائیں پور چوکی انچارج وپن پانڈے کی تحریر پر 11 نامزد اور 50 نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے اب تک چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بٹک بھیروناتھ مندر کے مرکزی دروازے پر رام نومی کے موقع پر ہندو تنظیموں کی جانب سے کیسریا جھنڈا لگایا گیا تھا۔ 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے دن وہاں امبیڈکر جی کا جھنڈا بھی لگا دیا گیا۔ جھنڈا لگانے اور اسے نقصان پہنچانے پر تنازع شروع ہوا جو رفتہ رفتہ بڑھتا گیا۔
جمعرات کو پولیس افسران نے دونوں فریقین کو سمجھا بجھا کر صورتحال پر قابو پا لیا تھا۔ لیکن جمعہ کو دلت سماج سے وابستہ لوگوں نے دوبارہ احتجاج شروع کر دیا۔ بھیڑ مشتعل ہو گئی اور موقع پر پہنچی پولیس ٹیم پر پتھراؤ کر دیا۔ اس دوران سارناتھ کے اے سی پی ودوش سکسینہ سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
معاملے میں جن نامزد ملزمان کے نام شامل ہیں ان میں اجیت کمار، پردیپ کمار، راج کمار، نکھل، راجن اور سنجیت نمایاں ہیں۔ پولیس نے سرکاری کام میں مداخلت، تشدد کرنے سمیت کل 12 دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گاؤں کے مرکزی دروازے پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر دیگر مشتبہ افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کے لیے پی اے سی کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ مرکزی دروازے پر سی سی ٹی وی کیمرہ بھی لگا دیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔