RegionalPosted at: Jun 13 2026 6:48PM مرمو نے آئی ایم اے میں نو خواتین سمیت 515 کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا
دہرادون، 13 جون (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کو اتراکھنڈ کے دہرادون میں انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) میں پاسنگ آؤٹ پریڈ (پی او پی) کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔
آئی ایم اے کے چیٹ وُڈ ہال کے سامنے ڈرل اسکوائر پر منعقدہ 158ویں ریگولر کورس اور 141ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پریڈ میں 515 کیڈٹس نے شرکت کی۔ ان میں 481 ہندستانی اور 16 دوست ممالک کے 34 آفیسر کیڈٹس ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ آئی ایم اے کی 93 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ نو خواتین کیڈٹس نے اپنی تربیت مکمل کی اور فوج میں افسر بن گئیں۔ محترمہ مرمو نے افسران کیڈٹس سے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز، تکنیکی ترقی اور پیچیدہ عالمی حالات کے اس دور میں ہندستانی فوج کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے تیار رہنا ہوگا اور نوجوان افسران کو تاحیات سیکھنے والا، جرات مندانہ فیصلے کرنے والا اور اعلیٰ اخلاقی قیادت کا حامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسران ملک کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے محافظ ہیں اور ان کے کندھوں پر 140 کروڑ سے زائد ہندستانی شہریوں کے اعتماد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ان ہمیشہ یہ یاد رکھنی کی اپیل کی کہ خدمت ہی سب سے بڑا فرض ہے۔
صدر جمہوریہ نے نو خواتین کیڈٹس کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئی ایم اے کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ہندستان کی دفاعی افواج کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے بلکہ خواتین کی قیادت میں ترقی کے سفر میں بھی ایک متاثر کن مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید خواتین کیڈٹس بھی اکیڈمی کا حصہ بنیں گی۔
دوست ممالک سے آنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا کہ ان کے ممالک نے انہیں اعلیٰ معیار کی فوجی تربیت فراہم کرنے کی ذمہ داری ہندستان کو سونپی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئی ایم اے میں حاصل کی گئی تربیت اور اقدار کی بنیاد پر وہ اپنی اپنی افواج اور ممالک کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے میں غیر ملکی کیڈٹس کی موجودگی دنیا کے ممالک کے ساتھ دوستی، تعاون اور پُرامن تعلقات کے فروغ کے لیے ہندستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہاں قائم ہونے والے باہمی اعتماد اور پیشہ ورانہ تعلقات ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
یواین آئی۔الف الف