NationalPosted at: Oct 3 2025 3:06PM وکست بھارت کے لیے اقتصادی ترقی تیز کرنی ہوگی، سرمایہ کاری بڑھانی ہوگی: این کے سنگھ

نئی دہلی، 3 اکتوبر (یو این آئی) اقتصادی ماہر اور سابق آئی اے ایس این کے سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بننے کے لیے ہر سال آٹھ فیصد اقتصادی ترقی حاصل کرنی ہوگی اور سرمایہ جاتی خرچ میں اضافہ کرنا ہوگا مسٹر سنگھ یہاں چوتھے کوٹلیہ اقتصادی اجلاس کے افتتاحی سیشن میں اظہار خیال کر رہے تھے، جس کا افتتاح وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پالیسی اور اقتصادی اصلاحات کی بدولت گزشتہ ایک دہائی میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، آبادی کی شرح نمو کم ہونے کے مشترکہ فائدے سے فی کس آمدنی دوگنا ہو گئی ہے۔ مسٹر سنگھ پندرہویں مالیاتی کمیشن کے صدر رہے ہیں۔
انہوں نے وکست بھارت 2047 کے ہدف کے حصول کے لیے سرمایہ جاتی خرچ کی سطح بڑھانے، مالیاتی اور بجٹ پالیسی کے درمیان ہم آہنگی قائم رکھنے، تجارت کو ترقی کا انجن بنائے رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی پر توجہ دینے، اصلاحات کو ریاستوں کی سطح پر نافذ کرنے اور نئی ابھرتی عالمی صورتحال میں چیلنجز اور تضادات کو مواقع میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔
بعد میں انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ فی کس آمدنی اب سالانہ پانچ سے چھ فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ اس سے نجی سرمایہ کاری، عوامی-نجی شراکت داری، بیرونی نجی سرمایہ کاری اور داخلی وسائل جمع کرنے کے لیے بے شمار مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس وقت ایسے موڑ پر ہے جہاں کئی مثبت پہلو موجود ہیں جو ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل تلاش کرنے کے قابل بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشیاء و خدمات پر ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح میں کمی سے مالیاتی اقدامات کی گنجائش بڑھی ہے، عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہوا ہے، کاروبار میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور ہر عام شہری کو راحت ملی ہے۔
یو این آئی- م ک۔ایف اے