OthersPosted at: May 20 2024 7:24PM بی جے ڈی حکومت نے اوڈیشہ کو برباد کردیا: مودی

کٹک، 20 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اوڈیشہ میں نوین پٹنائک کی قیادت والی بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مافیا راج اور بدعنوانی نے ریاست کو برباد کر دیا ہے اوڈیشہ میں اپنے تیسرے دور کی انتخابی مہم کے دوران کٹک کے مشہور بالی یاترا میدان میں وجے سنکلپ سماویش سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ بی جے ڈی نے اپنے 25 سال کے اقتدار کے دوران صرف کوئلہ مافیا، ریت مافیا اور کان کنی مافیا کو فروغ دیا ہے جس سے ریاست کی بربادی ہوئی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سست رفتار بی جے ڈی حکومت کو چھوڑ دیں اور ریاست کی ترقی کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تیز رفتار ڈبل انجن والی حکومت کا انتخاب کریں۔
وزیر اعظم نے بی جے ڈی حکومت پر چٹ فنڈ گھپلے کے ذریعے ریاست کے غریب عوام کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا، جہاں چٹ فنڈ کمپنیوں نے سرمایہ کاروں سے کروڑوں روپے لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے ڈی کے وزراء اور ایم ایل اے کے بدعنوانی میں مسلسل مصروف رہنے کی وجہ سے لوگوں میں غصہ ہے۔
مسٹر مودی نے دعویٰ کیا کہ جب سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے، اس نے اوڈیشہ کو کانگریس کے دور حکومت کے مقابلے میں تین گنا زیادہ فنڈ فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مائننگ ٹیکس کے اپنے حصے کے طور پر 50,000 کروڑ روپے دیئے ہیں، جب کہ کانگریس کے دور میں یہ 5,000 کروڑ روپے تھے۔ مزید برآں، مودی حکومت نے کان کنی کے علاقوں میں غریبوں کے لیے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے لیے ڈسٹرکٹ منرل فنڈ سے 26,000 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدعنوان بی جے ڈی حکومت نے ان فنڈز کو لوٹا اور پروجیکٹوں کو آگے بڑھنے سے روکا۔
مسٹر مودی نے زور دے کر کہا کہ مرکزی حکومت نے سڑک اور ریلوے کے مختلف پروجیکٹوں کے لیے اہم فنڈز فراہم کیے، لیکن بی جے ڈی حکومت نے ان پروجیکٹوں کو اس وقت تک موخر کر دیا جب تک کہ انھیں 'کٹ' یا کمیشن نہیں مل گیا۔ انہوں نے بی جے ڈی حکومت پر قریبی ساتھیوں کو ملازمت کے ٹھیکے دینے اور رقم غبن کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، پانی، صحت اور سڑکوں سمیت ہر شعبے میں ترقی کا فقدان ہے۔
کسی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ایک مافیا نے مسابقت کو دباتے ہوئے اوڈیشہ کے تقریباً تمام علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ مافیا کو ختم کردے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ کٹک کے دریاؤں سے گھرا ہوا ہونے کے باوجود یہاں پینے کے پانی کی قلت ہے اور لوگ پانی بھر جانے سے متاُثر ہیں۔
مسٹر مودی نے دہرایا کہ اوڈیشہ 10 جون کو بی جے پی کے چیف منسٹر کی حلف برداری اور مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے قیام کے ساتھ ایک نئی تاریخ لکھے گا۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا دونوں کے لیے بی جے پی کے امیدواروں کو ووٹ دیں تاکہ لوٹ مار کو روکنے کے لیے اوڈیشہ اور مرکز میں مضبوط حکومت قائم کی جا سکے۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1705