NationalPosted at: Dec 12 2024 4:48PM اوشو سالگرہ تقریب اوشو کے نقطہ نظر کے ساتھ گہری وابستگی کا منفرد موقع: سوامی چیتنیہ کیرتی

نئی دہلی، 12 دسمبر(یو این آئی) اوشو کی سالگرہ تقریب ہم سب کے لئے اوشو کے نقطہ نظر کے ساتھ گہری وابستگی کاایک منفرد موقع ہے سنیاس اختیار کرنے کا سفرمکتی کا سفرہے اور یہ روشن خیالی کی طرف لے جاتا ہے ان خیالات کا اظہار سوامی چیتنیہ کیرتی نے اوشو کی 93 ویں یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ 25 نئے دوستوں کواس روحانی راہ پر اگلا قدم بڑھاتے ہوئے اور سنیاس لیتے ہوئے دیکھنا متاثر کن لمحہ تھا۔
خیال رہے کہ اوشو دھام دہلی میں اوشو کا 93 واں یوم پیدائش انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایاگیاجس میں 200 سے زائدافراد نے شریک ہوکر اپنے گرو کے تئیں اظہار عقیدت کیا۔ اس موقع پرقلبی تقریبات منائی گئیں، جن میں 25 افراد نے سنیاسی کا راستہ اختیار کیا، جو کہ اوشو کی تعلیمات کے مطابق ان کے روحانی سفر کا ایک اہم لمحہ ہے۔
اوشو سنیاسیوں کے لئےاوشو کا یوم پیدائش نہ صرف ایکجشن ہے بلکہ دھیان اور مراقبہ دن کا بھی جشن ہے۔ یہ دن مراقبہ اور اندرونی بیداری کے لیے وقف ہے۔ اوشو دھام کی تقریب موسیقی، رقص، کیرتن اور مراقبہ کا ایک خوبصورت امتزاج تھا۔ لائیو میوزک پرفارمنس نے خوشی اور عقیدت کا ماحول پیدا کیا، جب کہ رقص اور کیرتن نے روحانی سماں باندھا۔ اس جشن نے شرکاءکی اس بات کے لئے حوصلہ افزائی کی کہ وہ اوشو کے کے فلسفے کی پیروی کرتے ہوئے پورے ہوش و حواس کے ساتھ اس لمحے کا تجربہ کریں۔اس موقع پر مراقبہ کے حصے بھی شامل تھے جو اندرونی بیداری کو گہرا کرنے اور شرکاءکے درمیان امن اور تعلق کا احساس پیدا کرنے کے لیے وضع کیا گیا تھا۔ نئے سنیاسیوں نے کھلے دل و دماغ سے نئی زندگی کو قبول کرتے ہوئے برادری کا آشیرواد حاصل کیا۔
اوشو دھام میں کمیونٹی مسلسل بڑھ رہی ہے اور زیادہ افراد مراقبہ، بیداری اور اندرونی آزادی کے راستے کو تلاش کر رہے ہیں جس کی اوشو نے حمایت کی۔اوشو آشرم کی تعلیمات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے جو، مراقبہ اور خودی کی دریافت کے لیے جگہ فراہم کرتا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔م الف