InternationalPosted at: Mar 16 2025 10:18PM پاکستان: قافلے پر حملہ، 3 فوجیوں سمیت 11 افراد ہلاک، 35 زخمی

نوشکی، 16 مارچ (یو این آئی) پاکستان کے تشدد سے متاثرہ صوبہ بلوچستان میں اتوار کے روز علیحدگی پسندوں کی طرف سے کئے گئے ایک دھماکے اور سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں کم از کم تین فوجی اور چار عسکریت پسند ہلاک اور 35 دیگر زخمی ہو گئے سیکورٹی ذرائع نے اتوار کو یہ اطلاع دی ذرائع نے بتایا کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صبح کے وقت فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے پر ایک آئی ای ڈی دھماکہ اور خودکش حملہ کیا۔
حملے میں ایف سی کے تین جوان اور دو شہری موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بعد میں، دو دیگر نے ہسپتال میں دم توڑ دیا، جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی۔
فوری جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے تین حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جب کہ خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا کر خودکشی کرلی۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
دھماکے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر نوشکی ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے میر گل خان نصیر ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ لے جایا جا رہا ہے۔پاکستان کےوزیر داخلہ محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کیا اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "سفاکیت کی انتہا" قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا ہےکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کم زور نہیں کیا جاسکتا۔
یہ واقعہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مشکف میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کے چند روز بعد پیش آیا ہے۔خیبر پختونخوا اور بلوچستان صوبے، جو افغانستان کے ساتھ پاکستان کی سرحد پر واقع ہیں، دہشت گرد حملوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
یواین آئی۔ م س