NationalPosted at: Mar 17 2026 2:18PM کام روکنا اور رکاوٹیں ڈالنا سابقہ حکومتوں کا کلچر تھا:ریکھا گپتا

نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو الزام لگایا کہ ان کا ورک کلچر کاموں کو روکنے رکاوٹیں پیدا کرنے اور تاخیر کرنے پر مبنی تھا، جبکہ موجودہ حکومت بروقت فیصلے کرتی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کرتی ہے وزیر اعلیٰ گپتا نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ دہلی کابینہ نے ’بارہ پلہ فیز-III‘ اور ’ایم بی روڈ ایلیویٹڈ کوریڈور-انڈر پاس‘ منصوبوں کو منظوری دے دی ہے، جس سے میور وہار سے ایمس تک سگنل فری رابطے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
انہوں نے دارالحکومت کے عوام کو یقین دلایا کہ اس اقدام سے لاکھوں مسافروں کی آمد و رفت آسان ہو جائے گی، کیونکہ ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے اور ان کا قیمتی وقت بچے گا۔
ریکھا گپتا نے یہ بھی شیئر کیا کہ دہلی حکومت دارالحکومت کے عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے عدلیہ کے ساتھ مل کر مسلسل کام کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں، پیر کے روز روہنی میں نئے فیملی کورٹ کمپلیکس کا سنگ بنیاد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، سوریا کانت نے رکھا۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق، اس نئے کمپلیکس میں 18 کورٹ رومز ہوں گے جن میں بچوں کے لیے کھیل کی جگہ ، فیڈنگ روم اور کانفرنس روم جیسی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کا انفراسٹرکچر خاندانی معاملات کی زیادہ منظم اور تیز رفتار سماعتوں میں مدد دے گا، اور عدالت کا ماحول خواتین اور بچوں کے لیے زیادہ آسان اور حساس ہو جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے اسے شہر کے عدالتی نظام کو مضبوط بنانے اور لوگوں کے لیے قابل رسائی اور بروقت انصاف کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
یواین آئی۔ایف اے