OthersPosted at: May 15 2024 7:42PM کانگریس نے پاتال، سمندر، خلا اور زمین پر گھپلے کیے: نڈا

موتیہاری/شیوہر 15 مئی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے آج کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو ایک ساتھ نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے پاتال، سمندر، خلا اور زمین میں گھپلے کیے ہیں جبکہ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد چارہ تک کھا گئے۔
مشرقی چمپارن ضلع کے موتیہاری اور شیوہر میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدواروں کے حق میں منعقدہ انتخابی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نڈا نے کہا کہ کانگریس نے پاتال، سمندر، خلا اور زمین پر گھپلے کیے ہیں۔ انہوں نے کوئی ایسی جگہ نہیں چھوڑی جہاں گھپلے نہ کئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حد تب ہو گئی جب کانگریس کے حلیف آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو چارہ تک کھا گئے اور نوکریاں دینے کے نام پر لوگوں کی زمینیں اپنے نام پر لکھوا لیں۔
'آر جے ڈی' کے خطوط کا مطلب بتاتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ آر جے ڈی کے 'آر' کا مطلب رشوت خوری، 'جے' کا مطلب جنگل راج اور 'ڈی' کا مطلب ہے دلدل۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی دیگر ریزرویشن طبقات کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں۔ آئین میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کو آئین کی سمجھ نہیں ہے۔ وہ تعلیم یافتہ نہیں ہے۔ مسٹر لالو یادو بھی مسلمانوں کو ریزرویشن دینا چاہتے ہیں۔
مسٹر نڈا نے کانگریس اور آر جے ڈی کو سناتن مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر ادے ندھی اسٹالن اور اے راجہ کے سناتن مخالف بیان پر مسٹر راہل گاندھی، محترمہ سونیا گاندھی اور محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا آنکھیں بند کر لیتی ہیں۔ انہوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) طلباء یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کو شمال مشرقی دہلی سے امیدوار بنانے پر کانگریس پر حملہ کیا اور الزام لگایا کہ یہ لوگ ملک دشمن بھی ہیں۔ جے این یو میں ملک مخالف نعرے لگانے والے۔ یہ لوگ ان سے ملتے ہیں اور انہیں ایم پی بنانا چاہتے ہیں۔
بی جے پی صدر نے کانگریس پر دھوکہ دہی اور لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا، "کورونا کے دور میں اس نے ویکسین کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا۔ یہ خود ٹیکہ لگوا لیتے تھے لیکن لوگوں سے کہتے تھے کہ یہ مودی جی کی ویکسین ہے۔ یہ لوگ کہتے تھے کہ ہندوستان غریبوں کا ملک ہے، انٹرنیٹ کا کیا ہوگا؟ آج دو لاکھ گاؤں میں کامن سروس سینٹرز ہیں۔ آج ایک سبزی فروش بھی ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کرتا ہے۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1900