OthersPosted at: May 15 2025 4:44PM وزیر اعظم مودی ذات کی مردم شماری کے خلاف, کانگریس کے دباﺅ میں جھکے: راہل

دربھنگہ، 15 مئی (یو این آئی) کانگریس کے سرکردہ رہنما راہل گاندھی نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذات کی مردم شماری کے خلاف تھے لیکن ان (مسٹر گاندھی) کے مسلسل دباﺅ میں انہوں نے قومی سطح پر ذات کی مردم شماری کرانے کا اعلان کیا ہے مسٹر گاندھی نے جمعرات کو ضلع انتظامیہ کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے امبیڈکر ہاسٹل میں طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذات کی مردم شماری کے خلاف تھے۔ یہ ان کا دباﺅتھا جس نے مسٹر مودی کو قومی سطح پر ذات کی مردم شماری کے لیے راضی ہونے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی سطح پر ذات کی مردم شماری مکمل ہو جاتی ہے تو یہ معاشرے کے محروم اور مظلوم طبقات کے مفاد میں ہو گی۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ذات کی مردم شماری منصفانہ اور درست طریقے سے کی جائے تاکہ ترقی کی راہ میں پیچھے رہ جانے والے لوگوں کی اصل حالت سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے درست طریقے سے ذات کی مردم شماری کرائی۔ اب مرکز کی مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کے خطوط پر ذات کی مردم شماری کرائے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ملک میں درج فہرست ذات (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، انتہائی پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی آبادی 90 فیصد ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتنی بڑی آبادی ہونے کے باوجود ان سب کو آئے روز تشدد اور ایذا رسانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ، بیوروکریسی اور کارپوریٹ سیکٹر میں ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور ای بی سی کی شرکت صفر ہے۔ تاہم، مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) کے تحت درج مزدوروں میں ان کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کو نجی اداروں میں ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور ای بی سی کے لیے ریزرویشن کا انتظام کرنا چاہیے۔ ان طبقات کے لیے ریزرویشن کا قانون ہے لیکن نہ تو مرکز کی نریندر مودی حکومت اور نہ ہی بہار میں مسٹر نتیش کمار کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت اسے نافذ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور ای بی سی کو نجی اداروں میں ریزرویشن نہیں دیا جاتا۔
یواین آئی۔۔ قمر۔۔۔