NationalPosted at: Mar 15 2026 4:55PM عوامی شراکت داری سے ہی 'ترقی یافتہ ہندوستان' کا عزم پورا ہو سکتا ہے: چراغ پاسوان

نئی دہلی،15 مارچ (یواین آئی )دارالحکومت نئی دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں واقع ماولنکر آڈیٹوریم میں 'جن کلیان مورچہ' کی جانب سے "ایک شام ملک کے نام" کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کا بنیادی مقصد 'ترقی یافتہ بھارت' کے تصور کو عوام تک پہنچانا اور قومی تعمیر میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 11 افراد کو 'جن کلیان سمان' سے نوازا گیا۔ بالی ووڈ کے مقبول اداکار گوندا کو ان کی سماجی خدمات اور عوامی اثر و رسوخ کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے پر اس باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، مرکزی وزیر برائے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز چراغ پاسوان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ قوم بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے۔ سماجی تنظیمیں تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے اور دیہی ترقی جیسے شعبوں میں جو کام کر رہی ہیں، وہ ملک کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔"
اداکار گوندا نے اعزاز حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینما محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کو مثبت سمت دینے کی طاقت رکھتا ہے اور یہ 'ترقی یافتہ ہندوستان' کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تقریب کا آغاز روایتی گنیش وندنا سے ہوا، جس کے بعد فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے سماں باندھ دیا۔
جن کلیان مورچہ کے قومی صدر ڈاکٹر اشوک چودھری نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ان افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو خاموشی سے معاشرتی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی تنظیم صحت، تعلیم اور دیہی ترقی کے شعبوں میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
یواین آئی ۔م اع