RegionalPosted at: Mar 17 2025 1:34PM امرتسر گرینیڈ حملے کا کلید ی ملزم انکاؤنٹر میں مارا گیا

امرتسر، 17 مارچ (یو این آئی) پنجاب کے ضلع امرتسر میں ایک مندر پر گرینیڈ حملہ کا ایک ملزم پیر کو پولیس کے ساتھ تصادم میں مارا گیا۔ تصادم میں ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا۔
ڈائرکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے پیر کو کہا کہ مخصوص انٹیلی جنس پر کام کرتے ہوئے کمشنریٹ پولیس امرتسر نے 15 مارچ 2025 کو امرتسر کے کھنڈ والہ میں ٹھاکر کے مندر پر گرینیڈ حملے کے ذمہ دار افراد کا حتمی طور پر پتہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تھانہ چھیہاڑہ میں دھماکہ خیز مواد ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کوششوں سے ملزم کی شناخت ہو گئی۔
ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے راجاسنسی میں مشتبہ افراد کا سراغ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس میں ہیڈ کانسٹیبل گرپریت سنگھ زخمی ہو گیا اور ایک گولی انسپکٹر امولک سنگھ کی پگڑی کو لگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دفاع میں پولیس پارٹی نے جوابی فائرنگ کی جس میں ایک ملزم زخمی ہوا۔ اسے سول اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ بعد میں دم توڑ گیا۔ دیگر ملزمان فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ڈی جی پی یادو نے کہا کہ ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں ایک نئی ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 15 مارچ کی نصف شب کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے امرتسر کے کھنڈ والہ میں ایک مندر میں دھماکہ خیز مواد پھینکا جس سے اس کی دیوار کے ایک حصے کو نقصان پہنچا اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
یواین آئی، م ش