NationalPosted at: Jun 11 2026 10:56PM ایک امیدوار نااہل، دوسرے کو رعایت'، راہل گاندھی کا الیکشن کمیشن پر حملہ

نئی دہلی، 11 جون (یواین آئی) کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے حالیہ راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن کی 'جوڑی' نے انتخابی مقابلہ شروع ہونے سے پہلے ہی اسے متاثر کر دیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس امیدوار میناکشی نٹاراجن نے نامزدگی کے لیے تمام ضروری دستاویزات جمع کرائی تھیں اور ان کے خلاف کوئی زیر التوا معاملہ بھی نہیں تھا، اس کے باوجود الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے اعتراض کی بنیاد پر ان کی نامزدگی منسوخ کر دی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دوسری جانب بی جے پی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار پریمل ناتھوانی کے نامزدگی فارم میں ان کے نام سے متعلق غلطی موجود تھی اور متعدد لازمی انکشافات بھی نہیں کیے گئے تھے، لیکن الیکشن کمیشن نے انہیں تمام خامیاں دور کرنے کے لیے اضافی وقت فراہم کیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ایک ہی الیکشن کمیشن کے سامنے دو امیدوار تھے، لیکن ایک کو بغیر مؤثر سماعت کے نااہل قرار دے دیا گیا جبکہ دوسرے کو قواعد کی خلاف ورزی کے باوجود رعایت دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کانگریس نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے ملاقات کی درخواست کی تو ابتدا میں اس سے گریز کیا گیا۔ بعد میں ملاقات ہونے پر بھی کمیشن کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔
کانگریس رہنما نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے لیے انتخابات جیتنے کے بجائے انتخابی عمل کو اپنے حق میں موڑنا آسان سمجھا جاتا ہے اور مستقبل میں بھی ایسے واقعات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن یا بی جے پی کی جانب سے راہل گاندھی کے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یواین آئی۔ م س