NationalPosted at: Mar 17 2026 6:05PM ریلوے عام آدمی کے آرام دہ سفر پر بھی خاطر خواہ توجہ دے: اپوزیشن

نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن نے عام آدمی کے لئے زیادہ ٹرینیں چلانے اور انہیں سفر کے دوران مناسب سہولیات فراہم کرانے کا مطالبہ کیا ہے سال 2026-27 کے لیے ریلوے کے گرانٹ کے مطالبات پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے، ترنمول کانگریس کی شتابدی رائے نے منگل کو کہا کہ مزدوروں اور عام لوگوں کے لیے ٹرینیں چلائی جانی چاہیے اور اس بات کا خیال رکھا جانا چاہیے کہ انہیں سفر کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تتکال ٹکٹ لینے والے نچلی سیٹ ریزرو کرالیتے ہیں جب کہ پہلے سے ریزرویشن کرانے میں بزرگوں کو اوپر کی سیٹ ملتی ہے۔ پیسے والے لوگ آرام دہ سفر کرتے ہیں جب کہ عام آدمی کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
محترمہ رائے نے کہا کہ بزرگوں کے لیے نچلی برتھ ہی ریزرو کرنے کا التزام کیا جانا چاہیے۔ 80 سال سے زیادہ لوگوں کے لیے بھی اوپر کی سیٹ ریزرو کردی جاتی ہے۔ اس سے انہیں بہت تکلیف ہوتی ہے۔ اوپری برتھوں پر چڑھتے کے دوران ان کے گرنے اور زخمی ہونے کی بھی خبریں آئی ہیں۔ انہوں نے بزرگ شہریوں کے لیے کرایہ کی رعایتیں بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں مقامی وینڈر کھانے کی سپلائی کررہے ہیں، جو کہ ناقص معیار کا ہے اور اس میں حفظان صحت کا فقدان ہے۔
محترمہ رائے نے کہا کہ ریلوے ریزرویشن کے لیے ویٹنگ لسٹ میں شامل ٹکٹ منسوخ کرانے پر بھی پیسے کاٹ رہا ہے، جو منساب نہیں ہے۔
لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس پاسوان) کے ارون بھارتی نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں ریلوے نے بے مثال کام کیا ہے۔ ریکارڈ تعداد میں ریلوے انڈر برجز اور اوور برجز بنائے گئے ہیں۔ کرپشن کا خاتمہ ہو چکا ہے اور ریلوے اب ترقی کا مترادف ہو چکا ہے۔
کانگریس کے راج موہن اُنیتھن نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے محض نقل و حمل کا ایک ذریعہ نہیں ہے۔ یہ ملک کی لائف لائن ہے. ٹرینیں عام آدمی کو روزی روٹی، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کی روشنی میں حکومت کو عام آدمی کے لیے ٹرینیں چلانے اور سفر میں انہیں سہولیت ہو اس پر توجہ دینی چاہیے۔ جدید ٹرین، بلٹ ٹرین اور بڑے اسٹیشنوں کو لے کر بڑی بڑی باتیں تو کی جاتی ہیں، لیکن عام آدمی کے لیے ٹرین چلانے پر بھی سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے۔
جاری یواین آئی۔الف الف