NationalPosted at: Oct 9 2025 3:49PM ہندوستان اور آسٹریلیا آزاد اور خوشحال ہند - بحرالکاہل کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تال میل بڑھانے کو تیار

نئی دہلی، 9 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان اور آسٹریلیا نے آزاد، سب کے لیے کھلے، پرامن، مستحکم اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تال میل کو بڑھانے کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کے مطابق خطے میں جہاز رانی کی آزادی اور بلا روک ٹوک تجارت کے تئيں عہد بندی کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے آسٹریلیائی ہم منصب رچرڈ مارلس کے ساتھ جمعرات کے روز کینبرا، آسٹریلیا میں پہلے آسٹریلیا-ہند دفاعی مذاکرات کے دوران وسیع تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزراء دفاع کے درمیان بات چیت کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا، "وزراء نے آزاد، سب کے لیے کھلے، پرامن، مستحکم اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کو برقرار رکھنے میں مدد کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تال میل بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزراء نے اقوام متحدہ کے کنونشن کے مطابق جہاز رانی اور اوور فلائی کی آزادی، خطے میں بلا روک ٹوک تجارت، اور دیگر قانونی استعمال کے تئيں اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔ "
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بات چیت کے بعد سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی کہا کہ انہوں نے سرحد پار دہشت گردی اور مشترکہ علاقائی استحکام پر آسٹریلیا کی ثابت قدم حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ساتھ مل کر ایک آزاد، سب کے لیے کھلے اور مستحکم ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے باہمی تال میل کو مزید مضبوط کریں گے۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا، "میں نے آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع، رچرڈ مارلس کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کی۔ ہم نے ہند-آسٹریلیا دفاعی تعاون کے مکمل اسپیکٹرم کا جائزہ لیا، جس میں دفاعی صنعت، سائبرسکیورٹی، میری ٹائم سکیورٹی، اور علاقائی مشکلات شامل ہیں۔ ہم نے اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ میں نے ہندوستان کی دفاعی صنعت کی تیز ترقی کو اجاگر کیا۔ ہم نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دفاعی صنعت کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا اور ہم سرحد پار دہشت گردی اور مشترکہ علاقائی استحکام کے لیے تعاون کو مزید گہرا کریں گے۔
جاری۔ یو این آئی۔ م ش۔