RegionalPosted at: Apr 13 2026 10:22PM رام داس اٹھاولے کا بڑا فیصلہ،مہندر تیواری کو شمالی ہند کی یوتھ قیادت سونپ دی

نوئیڈا، 13 اپریل ( یو این آئی) ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (اے) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر رام داس اٹھاولے نے مہندر تیواری کو شمالی ہند کا یوتھ صدر مقرر کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل بھروسے کا اظہار کیا ہے۔ اس تقرری کے بعد پیر کو نوئیڈا میڈیا کلب میں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر رام داس اٹھاولے نے مہندر تیواری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا مہندر تیواری ایک پرجوش، محنتی اور وقف نوجوان لیڈر ہیں جو تنظیم کو ایک نئی سمت دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کی قیادت میں شمالی ہند میں پارٹی کے عوامی بنیادوں (جنا دھار) میں تیزی سے اضافہ ہوگا اور نوجوان بڑی تعداد میں پارٹی نظریات سے جڑیں گے۔اٹھاولے نے مزید کہا کہ تیواری پسماندہ اور کمزور طبقات کی آواز کو مضبوطی سے اٹھائیں گے اور سماجی انصاف کی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔
نومنتخب صدر مہندر تیواری نے اپنے خطاب میں پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیم کو نچلی سطح (گراس روٹ) تک مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اپنی ترجیحات بتاتے ہوئے کہا پارٹی کے پیغام کو گاؤں گاؤں اور شہر شہر تک پہنچایا جائے گا۔جدید مجلس عاملہ (ایگزیکٹو باڈی) تشکیل دی جائے گی اور بوتھ لیول تک تنظیم کو مستحکم کیا جائے گا۔نوجوانوں کی فعال شرکت کو یقینی بنا کر پارٹی کو سیاسی بلندیوں پر لے جایا جائے گا۔
یو این آئی۔م ا ع