EntertainmentPosted at: Mar 20 2025 11:37AM بہترین اداکارہ رانی مکھرجی

ممبئی، 20 مارچ ( یو این آئی ) بالی وڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی پیدائش 21 مارچ 1978 کو ممبئی میں ہوئی۔ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم راجہ کی آئے گی بارات سے کیا۔ اگرچہ یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی، لیکن رانی اپنے سنجیدہ کردار سے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے میں کامیاب ہوگئیں۔ سال 1998 رانی کے کیریئر کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال انہیں عامر خان کے ساتھ غلام اور شاہ رخ خان کے ساتھ کچھ کچھ ہوتا ہے میں کام کرنے کا موقع ملا۔ دونوں فلمیں ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ رانی مکھرجی کو کچھ کچھ ہوتا ہے کے لیے بہترین معاون اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ نوازا گیا۔
سال 1999 سے 2002 تک کے برس رانی مکھرجی کے کیرئیر کے لیے اچھے ثابت نہیں رہے۔ اس دوران رانی مکھرجی کی ہیلو برادر، بادل، ہر دل جو پیار کرے گا، حد کر دی آپنے، بچھو، کہیں پیار نہ ہو جائے، چوری چوری چپکے چپکے، بس اتنا ساخواب ہے، پیار دیوانہ ہوتا اور مجھ سے دوستی کروگے فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن ٹکٹ کھڑکی پر یہ فلمیں متوقع کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔ سال 2002 میں یش راج بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم ساتھیا رانی مکھرجی کے کیرئیر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں وویک اوبرائے کے ساتھ رانی کی جوڑی کو کافی پسند کیا گیا تھا۔ رانی کو ایک بار پھر کنگ خان شاہ رخ خان کے ساتھ سال 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم چلتے چلتے میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم بھی سپرہٹ ثابت ہوئی۔
سال 2004 رانی کے کیرئیر کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی یووا، ہم تم اور ویر زارا جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں۔ ان تمام فلموں میں، رانی نے اپنی کثیر جہتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنے ادا کردہ کرداروں کے ذریعے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ سال 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بلیک‘ کا شمار رانی مکھرجی کے کیریئر کی اہم ترین فلموں میں ہوتا ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رانی مکھرجی کو صدی کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ رانی نے اپنی ٹھوس اداکاری سے نہ صرف شائقین بلکہ ناقدین کے بھی دل جیت لئے۔
جاری۔ یو این آئی۔ این یو۔