OthersPosted at: May 23 2025 6:47PM آر بی آئی کی میٹنگ میں 2.68 لاکھ کروڑ روپے کے سرپلس ٹرانسفر کو منظوری دی

ممبئی، 23 مئی (یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے سنٹرل بورڈ نے آج اکاؤنٹنگ سال 2024-25 کے لیے مرکزی حکومت کو 2,68,590.07 کروڑ روپے کی اضافی رقم منتقل کرنے کی منظوری دی۔
سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 616 واں اجلاس جمعہ کو یہاں مرکزی بینک کے گورنر سنجے ملہوترا کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ملکی اور عالمی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ممکنہ خطرات پر بھی غور کیا گیا۔ ایک اہم فیصلے میں بورڈ نے مرکزی حکومت کو اکاؤنٹنگ سال 2024-25 کے لیے 2,68,590.07 کروڑ روپے کی اضافی رقم منتقل کرنے کی منظوری دی۔
میٹنگ کا بنیادی مرکز مالی سال 2024-25 (اپریل 2024 - مارچ 2025) کے دوران آر بی آئی کے کام کاج کا جائزہ اور مالی کھاتوں کی منظوری تھی۔ سنٹرل بورڈ نے سال 2024-25 کے لیے آر بی آئی کی سالانہ رپورٹ اور مالیاتی گوشواروں کو منظوری دے دی۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نظرثانی شدہ اکنامک کیپٹل فریم ورک (ای سی ایف) کے تحت کنٹیجنسی رسک بفر (سی آر بی) کو اب 6.50 فیصد سے بڑھا کر 7.50 فیصد کیا جائے گا۔ اس ترمیم کو سنٹرل بورڈ نے 15 مئی 2025 کو منظوری دی تھی۔
غور طلب ہے کہ کووڈ-19 کی وبا کے دوران آر بی آئی نے اقتصادی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے سی آر بی کو 5.50 فیصد پر برقرار رکھا تھا، جسے گزشتہ دو سالوں میں بالترتیب چھ فیصد اور 6.50 فیصد تک بڑھا دیا گیا تھا۔
میٹنگ میں ڈپٹی گورنرس ایم راجیشور راؤ، ٹی ربی شنکر، سوامی ناتھن جے، ڈاکٹر پونم گپتا اور مرکزی بورڈ کے دیگر ڈائرکٹرس بشمول اجے سیٹھ (سیکریٹری، محکمہ اقتصادی امور)، ناگراجو مدیرالا (سیکرٹری، مالیاتی خدمات)،ستیش کے مراٹھے، ریوتی ایر، پروفیسر سچن چترویدی، پنکج رمن بھائی پٹیل اور ڈاکٹر رویندر ایچ ڈھولکیا بھی موجود تھے۔
یواین آئی۔ ظ ا