NationalPosted at: Mar 17 2025 10:03PM ریکھا گپتا نے دہلی کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ 'وکست دہلی بجٹ' پر میٹنگ کی

نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو دارالحکومت کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی جس میں 'وکست دہلی بجٹ 2025' پر تبادلہ خیال کیا گیا میٹنگ کا مقصد دہلی کی مجموعی ترقی کے لیے اراکین پارلیمنٹ کی تجاویز کو شامل کرنا اور مرکزی حکومت کے تعاون سے ترقیاتی کاموں کو مزید تیزی سے نافذ کرنا ہے۔
میٹنگ کے بعد، محترمہ گپتا نے کہا کہ 'وکست دہلی بجٹ 2025' صرف اعداد و شمار کا دستاویز نہیں، بلکہ دہلی کے ہر شخص کے روشن مستقبل کا خاکہ ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ آنے والا بجٹ جدید انفراسٹرکچر، صاف ستھرا ماحول، معیاری تعلیم، صحت کی بہتر سہولیات اور روزگار کے نئے مواقع کے عزم کو پورا کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ دہلی نہ صرف ہندوستان میں اعلیٰ مقام پر پہنچے بلکہ ایک عالمی شہر کے طور پر ابھرے جہاں ہر شہری کو بہتر مواقع اور بہترین انفراسٹرکچر ملے۔ اس سمت میں آگے بڑھتے ہوئے آج ہم نے دہلی کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں دہلی کے اراکین پارلیمنٹ نے 'وکست دہلی بجٹ' کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ بات چیت کے دوران دہلی کی سڑک، فلائی اوور اور میٹرو کی توسیع سے متعلق کاموں کی تیزی سے تکمیل، جمنا صفائی مہم کے تحت پانی کی آلودگی کو روکنے کے لیے مرکز اور ریاستی حکومت کی مشترکہ کوششوں، گرین ایریاز کی توسیع اور ای وہیکلز کو فروغ دینے، دہلی میں نئے اسکول اورسرکاری اسپتالوں کو جدید بنانے اور صھت کی سہولیات میں بہتری کے لئے تفصیلی ایکشن پلان اور مرکزی حکومت کی اسکیموں کا زیادہ سے زیادہ دہلی کو دلانے جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انتخابی مہم کے دوران جاری کردہ منشور کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد دہلی کو ترقی یافتہ اور خود انحصار بنانا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی شرکت اور مرکزی حکومت کے تعاون سے ہم اس ہدف کو تیزی سے حاصل کریں گے۔ دہلی حکومت دہلی اور دہلی والوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت منشور میں کئے گئے تمام وعدے پوری تندہی اور دیانتداری سے پورے کرے گی۔
یواین آئی۔الف الف