InternationalPosted at: Mar 17 2025 12:08PM روس نے یوکرین میں ناٹو امن فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی کو مسترد کر دیا

ماسکو، 17 مارچ (یو این آئی) روس نے یوکرین میں ناٹو کے امن فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی کو مسترد کر دیا ہے اور ممکنہ امن معاہدے کی نگرانی کے لیے غیر مسلح مبصرین یا سویلین مانیٹرنگ گروپ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔
روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر گروشکو نے اتوار کو روسی روزنامہ ازویسٹیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں قیام امن کی کوششوں پر بات کرنا قبل از وقت ہے اور اس پر بات چیت صرف ایک باضابطہ امن معاہدہ طے پانے کے بعد کی جانی چاہیے۔
مسٹر گرشکو نے زور دے کر کہا کہ امن قائم کرنے کی کارروائیوں میں ناٹو کی شرکت بنیادی طور پر متضاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناٹو اور امن فوج مکمل طور پر مطابقت نہیں رکھتی۔ اس اتحاد کی حقیقی تاریخ فوجی کارروائیوں اور عالمی اور علاقائی تسلط قائم کرنے کے لیے بلا اشتعال جارحیت کی ہے۔"
انہوں نے روس کے اس موقف کی توثیق کی کہ یوکرین میں ناٹو افواج کی تعیناتی – چاہے یوروپی یونین، ناٹو یا انفرادی قومی افواج کے جھنڈے تلے ہو – انہیں مؤثر طریقے سے تنازعہ کے علاقے میں ڈالے گی، جس سے وہ تمام نتائج کے ساتھ براہ راست شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ اختیارات کے طور پر ایک غیر مسلح مبصر مشن یا سویلین مانیٹرنگ گروپ پر غور کیا جا سکتا ہے جو ممکنہ امن معاہدے کے کچھ پہلوؤں کی نگرانی کرے۔
انہوں نے کہا "اس طرح کا مشن مخصوص دفعات کی تعمیل کو یقینی بنا سکتا ہے اور ایک وسیع تر گارنٹی میکانزم کے حصے کے طور پر کام کر سکتا ہے"۔
یواین آئی، م ش