NationalPosted at: Mar 23 2025 5:08PM سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی اسلامی بینکاری کی طرف ایک بہتر قدم: امانت اللہ خاں

نئی دہلی، 23 مارچ (یو این آئی) ملک میں سودی نظام سے پاک بینکنگ نظام کی وکالت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور اوکھلا حلقہ سے رکن اسمبلی اما نت اللہ خاں نے کہاکہ‘سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی‘ اسلامی بینکاری کی طرف ایک بہتر قدم ہے یہ بات انہوں نے سہیوگ کے آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ ملک اور خاص طور پر مسلم سماج میں اس طرح کی پہل کی سخت ضرورت ہے کیوں کہ جب تک سماج کے کمزور طبقہ کو اوپر نہیں اٹھایا جائے گا اس وقت تک حقیقی معنوں میں معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ سہیوگ نے سود سے پاک قرض فراہم کرکے سماج کے کمزور طبقوں کواوپر اٹھانے کا بہترین کام ا نجام دیاہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے چھوٹے موٹے کام کرنے والوں کو اگر سودی نظام اور مہاجنی نظام سے پاک قرض اگرفراہم کردیا جائے تو نہ صرف انہیں ترقی حاصل ہوگی بلکہ مالی استحصال کے چنگل سے بھی آزاد ہوجائیں گے۔
مسٹرامانت اللہ نے کہاکہ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی اسلامی بینکاری نظام کی طرف سے ایک بہتر قدم ہے اور ملک میں اس کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید نظام اور معاشرے میں قانون کی بالادستی کے باوجود استحصالی مہاجنی نظام آج بھی قائم ہے اور چھوٹے موٹے کاروباری بہت ہی اونچی شرح سود پر قرض لیتے ہیں اور ان کی پوری زندگی صرف سود ادا کرنے میں گزر جاتی ہے اور وہ اصل رقم ادا نہیں کرپاتے۔ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی اس نظام سے چھٹکارا دلانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سہیوگ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سہیوگ زیادہ سے زیادہ کمزور اور چھوٹے موٹے کاروباریوں کو قرض فراہم کرسکے۔
سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی کے چیرمین شمس الضحی نے عوام کو سہیوگ سے منسلک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے معاشرے کے کمزور طبقوں کی فلاح وبہبود اور عزت نفس کے ساتھ اوپر اٹھانے کی ادنی سی کوشش کی ہے اگر اس طرح کی سوسائٹی بڑے پیمانے پر کھل جائیں تو معاشرے کے غریب طبقوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہر دوسرے دن ایک چھوٹے کاروباری کو قرض فراہم کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر عبدالمنان وائس چیرمین سہیوگ، سید تحسین احمد نائب صدر سوشلسٹ پارٹی آف انڈیا،کانگریسی لیڈر اوردہلی کانگریس سوشل میڈیا سیل کے چیرمین ہدایت اللہ،سہولت کے سی ای اواسامہ خاں،سہیوگ کے منیجر تنویر عالم، سہیوگ کے ذمہ دار،سماجی کارکن، صحافی اور دیگر سرکردہ افراد موجود تھے۔ سہیوگ کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر افطار کا بھی اہتمام کیا گیا۔
یو این آئی۔ ع ا۔