OthersPosted at: Apr 14 2026 7:35PM سمراٹ چودھری کی گورنر سے ملاقات، بہار میں حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا

پٹنہ، 14 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سمراٹ چودھری نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد آج شام گورنر عطا حسنین سے ملاقات کی اور اراکین اسمبلی کی حمایت کا خط سونپ کر نئی حکومت بنانے کا باضابطہ دعویٰ پیش کیا مسٹر چودھری نے بہار میں بی جے پی کے انچارج ونود تاوڑے، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے صدر اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی اور دیگر معزز رہنماؤں کے ہمراہ آج شام لوک بھون میں گورنر سے ملاقات کی۔
انہوں نے بی جے پی کی قیادت میں بننے والی اگلی حکومت کے لیے حمایتی خط پیش کرتے ہوئے اسمبلی میں اتحاد کی اکثریت کا دعویٰ کیا۔
اس سے قبل مسٹر چودھری کو متفقہ طور پر بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں ریاست میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا لیڈر بھی قرار دیا گیا۔
گورنر مسٹر حسنین نے مسٹر چودھری کے دعوے کو قبول کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی ہے۔ مسٹر چودھری 15 اپریل کی صبح 10:50 بجے چند وزراء کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
یو این آئی۔ ظ ا۔ م الف