NationalPosted at: Apr 15 2026 7:18PM پون کھیڑا کو سپریم کورٹ سے جھٹکا: آسام کیس میں عبوری ضمانت پر روک لگا دی گئی

نئی دہلی، 15 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بدھ کے روز کانگریس لیڈر پون کھیڑا کو ٹرانزٹ قبل از گرفتاری ضمانت دینے کے تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگا دی۔ یہ معاملہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کی اہلیہ رنکی بھویاں شرما کی ایک شکایت سے متعلق ہے عدالت کا یہ حکم آسام پولیس کی ایک اپیل پر آیا ہے۔ اس میں آسام پولیس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے پاس اس معاملے میں سماعت کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔
جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس اتل ایس چاندورکر کی بنچ نے یہ عبوری حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسٹر کھیڑا آسام کی متعلقہ عدالت سے ریلیف مانگنے کے لیے آزاد ہیں۔ بنچ نے کہا کہ اگر مسٹر کھیڑا آسام کی عدالت میں قبل از گرفتاری ضمانت کے لیے درخواست دیتے ہیں، تو سپریم کورٹ کے اس حکم کا اس درخواست پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ پورا معاملہ گزشتہ 5 اپریل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران مسٹر کھیڑا کے لگائے گئے ان الزامات سے جڑا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ محترمہ شرما کے پاس کئی پاسپورٹ ہیں اور انہوں نے غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر نہیں کیا ہے۔
اس سے قبل 10 اپریل کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے کھیڑا کو ایک ہفتے کی قبل از گرفتاری ضمانت دیتے ہوئے گوہاٹی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اب سپریم کورٹ کی جانب سے اس پر روک لگائے جانے کے بعد مسٹر کھیڑا کو آسام کی متعلقہ عدالت سے ہی ریلیف حاصل کرنا ہو گا۔ فی الحال سپریم کورٹ نے اس عرضی پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔
یواین آئی ۔ایف اے