InternationalPosted at: Jan 21 2026 8:44AM سرحدی سلامتی کے معاملے پر عراقی وزیرِ اعظم اور شام کے عبوری لیڈر کے درمیان بات چیت

بغداد، 21 جنوری (یو این آئی) عراق کے وزیرِ اعظم محمد شياع السودانی نے منگل کے روز شام کے عبوری لیڈر احمد الشرع سے سرحدی سلامتی کے معاملے پر بات چیت کی۔
وزیرِ اعظم السوَدانی کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، احمد الشرع نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا اور اس ضمن میں عراقی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے سرحدوں کو محفوظ بنانے، باقی ماندہ اسلامک استیٹ (آئی ایس) کے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سرحدی چوکیوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے دوطرفہ تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔
دوسری جانب، وزیرِ اعظم السوَدانی نے شام کی سلامتی اور استحکام کے لیے عراق کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بات چیت کے ذریعے بحرانوں کے حل، شامی عوام کے تمام طبقات کے حقوق کو یقینی بنانے اور شامی علاوے کے اتحاد اور اس کی خودمختاری کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
اسی دن، وزیرِ اعظم السوَدانی نے شام میں تیزی سے رونما ہورہی پیش رفت اور اس سے متعلق علاقائی چیلنجز پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک ہنگامی سکیورٹی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ ایک بیان میں عراقی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف کے ترجمان صباح النعمان نے کہا کہ دہشت گردوں یا مجرموں کے فرار کو روکنے کے لیے شام کو اپنی جیلوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ شامی فوج نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے شمال مشرقی الحسکہ صوبے میں واقع شدّادی علاقے اور وہاں موجود جیل پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جہاں ہزاروں آئی ایس کے مشتبہ افراد قید ہیں۔ فوج کے مطابق جیل کے احاطے کو محفوظ بنا لیا گیا ہے اور فرار ہوئے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کے لیے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔